منشیات کیس، رانا ثناء اللہ سمیت دیگر ملزموں کی حاضری معافی کی درخواستیں منظور 

منشیات کیس، رانا ثناء اللہ سمیت دیگر ملزموں کی حاضری معافی کی درخواستیں ...

  

لاہور(نامہ نگار)انسداد منشیات کی عدالت میں مسلم لیگ (ن) کے رہنمارانا ثناء اللہ کے خلاف منشیات برآمدگی کیس میں گزشتہ روز بھی فرد جرم عائد نہ ہو سکی،عدالت نے رانا ثناء اللہ سمیت دیگر ملزموں اکرم اور عثمان کی ایک روز کی حاضری معافی کی درخواستیں منظور کر تے ہوئے سماعت 12ستمبر تک ملتوی کردی، عدالت نے آئندہ سماعت پررانا ثناء اللہ کے خلاف اے این ایف میں قلمبند کئے گئے بیانات کے حصول کی درخواست پر فریقین کو بحث کے لئے بھی طلب کر لیاہے،انسداد منشیات کی عدالت کے جج شاکر حسن نے کیس کی سماعت کی،کیس کی سماعت شروع ہوئی تو فاضل جج نے استفسار کیا کہ کیا تمام ملزمان عدالت میں موجود ہیں؟جس پر ملزموں کے وکیل سید فرہاد علی شاہ نے عدالت کو بتایا کہ تین ملزمان عدالت میں موجود ہیں جبکہ رانا ثناء اللہ اور ان کے ذاتی گارڈ عثمان اور اکرم عدالت میں موجود نہیں،جس پر فاضل جج نے کہا یہ تو کوئی طریقہ نہیں ہے کہ ملزمان پیش نہ ہوں،ملزموں کے وکیل نے کہا کہ قومی اسمبلی کے اجلاس کے باعث رانا ثناء اللہ اور ان کے گارڈ عدالت میں پیش نہیں ہوئے،21 سے 28 اگست تک قومی اسمبلی کا اجلاس جاری رہے گا، اے این ایف کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ آج ملزمان پر فرد جرم عائد ہونا ہے،ملزموں کے وکیل نے کہا کہ اے این ایف نے جن افراد کے بیانات ریکارڈ کئے ہیں، وہ ہمیں دے دیئے جائیں،اس حوالے سے ہماری ایک درخواست عدالت میں زیر التوا ء ہے،اس درخواست کے فیصلے تک فرد جرم عائد نہیں ہوسکتی،فاضل جج نے ملزموں کے وکیل کومخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عدالت آپ کودرخواست پر بحث کے لئے آخری موقع دے رہی ہے،عدالت نے مذکورہ بالاحکم کے ساتھ کیس کی مزید سماعت 12ستمبر پر ملتوی کردی۔

مزید :

علاقائی -