اپر کورس،کراچی پولیس کے صرف 67افسران کامیاب 

اپر کورس،کراچی پولیس کے صرف 67افسران کامیاب 

  

کراچی(کرائم رپورٹر)کراچی پولیس کے اپر اسکول کورس کے امتحان میں لگ بھگ 300 امیدواروں میں سے محض 67 پاس ہوسکے ہیں جبکہ ایک خاتون پولیس افسر سمیت 23 کو اضافی رعایتی نمبر دے کر کامیاب قرار دیا گیا ہے۔ فیل پولیس افسران میں کراچی کے کئی سابق نامی گرامی ایس ایچ اوز بھی شامل ہیں۔بلدیہ ٹاؤن کراچی میں واقع شاہد حیات پولیس ٹریننگ کالج سعید آباد کے پرنسپل شوکت علی کھٹیان نے بتایا کہ رواں سال کراچی پولیس کے سب انسپکٹر کے اپر اسکول کورس کے بیج نمبر 107 کے لگ بھگ 300 امیدواروں نے حصہ لیا تھا۔ شوکت کھٹیان کے مطابق ان میں سے بہت سے امیدوار پولیس افسران کو جعل سازی، نااہلی یا دیگر مختلف وجوہات کی بنا پر اپر کورس سے خارج کر دیا گیا تھا اور انہیں واپس ان کے متعلقہ شعبوں میں رپورٹ کرنے کا کہا گیا تھا۔ پرنسپل نے بتایا کہ اپر کورس کی فزیکل ٹریننگ شروع ہوئی تو کورونا وائرس نے دنیا بھر کی طرح اس تربیت کو بھی متاثر کیا اور امیدواروں کو فزیکل ٹریننگ کا استثنی دیا گیا،  مگر پولیس کے اعلی سطح کے اجلاس میں ان امیدواروں کے تحریری امتحانات کو لازمی قرار دیا گیا۔جس پر گزشتہ ماہ سے تحریری امتحانات شروع کیے گئے تھے جس کا نتیجہ گزشتہ روز جاری کیا گیا ہے۔ انتظامیہ کی جاری کردہ فہرست کے مطابق مجموعی طور پر 67 امیدوار پاس ہوسکے۔ جن میں سے کوئی ایک بھی پولیس افسر اے ون یا اے گریڈ نہیں لے سکا۔ 9 امیدواروں نے بی گریڈ حاصل کیا جبکہ دیگر تمام پولیس افسران سی گریڈ میں پاس ہوئے۔فہرست کے مطابق 23 ناکام امیدواروں کو 1 سے 5 تک کے گریس مارکس دے کر پاس قرار دیا گیا ہے۔ جن میں ایک خاتون پولیس افسر بھی شامل ہے۔ امتحان میں انتہائی برے طریقے سے ناکام ہونے والے پولیس افسران میں کئی نامی گرامی سابق ایس ایچ اوز بھی شامل ہیں۔

مزید :

صفحہ آخر -