کیماڑی ضلع کراچی پر قبضے کی منصوبہ بندی ہے: ڈاکٹر سلیم حیدر

کیماڑی ضلع کراچی پر قبضے کی منصوبہ بندی ہے: ڈاکٹر سلیم حیدر

  

کراچی(اسٹاف رپورٹر)مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر   نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کی متعصب صوبائی حکومت نے کراچی کی عوام کو معاشی بدحالی اور امتیازی سلوک کے بعد اب کراچی کی وحدت کو ٹکڑے ٹکڑے کرکے کراچی پر قبضہ کرنے کی منصوبہ بندی کرلی ہے۔ کراچی جوکہ مہاجروں کا شہر ہے جس میں مہاجروں کو اقلیت میں تبدیل کرنے کیلئے نئے نئے منصوبے بنائے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کراچی پر قابض دیہی حکمران کراچی کی ترقی اور خوشحالی سے خائف ہوکر اسے کھنڈر بنانے پر تلے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کراچی منی پاکستان ہے اور اس کی تعمیر وترقی صرف اور صرف مہاجروں کی مرہون منت ہے لیکن بدقسمتی سے آج اس شہر کے فیصلے وہ کررہے ہیں جن کا اس شہر سے کوئی تعلق نہیں ہے اور وہ صرف اس کے وسائل کو لوٹنے کیلئے اس پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کیماڑی ضلع کا قیام حکمرانوں کی بدنیتی کے سوا کچھ نہیں۔ وہ مسلسل اس طرح کے اقدامات کررہے ہیں جن سے مہاجروں کی نسل کشی کی جاسکے۔ پہلے مہاجر مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا گیا۔ حلقہ بندیوں اور مردم شماری میں بددیانتی کی گئی اور اب کراچی کی حدود کو تقسیم در تقسیم کیا جارہا ہے۔ اگر یہ تقسیم کا عمل نہیں روکا گیا تو پھر یہ سندھ کی تقسیم پر جاکر رکے گا۔ ہم یہ سمجھتے ہیں کہ پیپلزپارٹی جس کے مظالم کی داستان 1972ء میں ذوالفقار علی بھٹو کے دور آغاز سے ہے اور آج بھی اس کا تسلسل جاری ہے۔ مراد علی شاہ سندھ کے وزیر اعلیٰ نہیں بلکہ وہ سندھیوں کے وزیراعلیٰ ہیں اور وہ صرف سندھی مفادات کیلئے کام کررہے ہیں۔ اس لئے کراچی میں رہنے والے مہاجر، پنجاب، پٹھان مل کر لائحہ عمل بنانا ہوگا کہ ان ظالم حکمرانوں سے کیسے نجات حاصل کی جائے۔

مزید :

صفحہ آخر -