شبلی فراز کو مبینہ این آر او کی دستاویزات ٹویٹ کرنا مہنگا پڑ گیا،مریم اورنگزیب نے کچا چٹھا کھول کے رکھ دیا 

شبلی فراز کو مبینہ این آر او کی دستاویزات ٹویٹ کرنا مہنگا پڑ گیا،مریم ...
شبلی فراز کو مبینہ این آر او کی دستاویزات ٹویٹ کرنا مہنگا پڑ گیا،مریم اورنگزیب نے کچا چٹھا کھول کے رکھ دیا 

  

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نےکہاہےکہ نالائق لاڈلے قانون سازی بھی نہیں کر سکتے، اس لئے ایف اے ٹی ایف قوانین پر نظرثانی کے لئے سپیکر نے قومی اسمبلی کی پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی تھی،اس کمیٹی کی منظوری ایوان نے دی تھی، شبلی صاحب کیا سپیکر صاحب نے این آر او مانگا تھا؟کیا پورے ایوان نے این آر او مانگا تھا؟پہلے بھی بتایا تھا کہ سلیکٹڈ وزیراعظم کی اوقات ہی نہیں کہ این آر او دے سکے۔

تفصیلات کے مطابق مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ پر ٹویٹس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ جس نوازشریف نے اس ملک کو قوم کیلیے اپنا خون پسینہ ایک کردیا ،جس نے اس ملک کو ایٹمی قوت بنایا اور ملک کو اندھیروں سے نکالا، جس نے معیشت کو مستحکم کیا، جس نے نوجوانوں کو روزگار دیا مگر سیاسی انتقام میں اندھے حکمران آج اس محسن پاکستان سے علاج کا حق بھی چھین لینا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نالائق لاڈلے قانون سازی بھی نہیں کرسکتے، اس لئے ایف اے ٹی ایف قوانین پر نظرثانی کے لئے سپیکر نے قومی اسمبلی کی پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی تھی،اس کمیٹی کی منظوری ایوان نے دی تھی۔ شبلی صاحب کیا سپیکر صاحب نے این آر او مانگا تھا؟ پورے ایوان نے این آر او مانگا تھا؟اپوزیشن کے لوگ قیدوبند، جیل اور نیب عقوبت خانے بھگت چکے ہیں،ان کی بے گناہی کی گواہی سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے فیصلے بن چکے ہیں، عالمی انسانی حقوق کے ادارے نیب نیازی گٹھ جوڑ پر فرد جرم لگا چکے ہیں تو پھر اپوزیشن این آر او چاہے گی یا وہ حکومتی نمائندے جو وزیراعظم اور صدر سمیت الیکشن کمشن اور نیب مقدمات میں مفرور ہیں اور پیش نہیں ہوتے؟۔

مریم اورنگزیب نےکہا کہ عمران صاحب کو پہلے بھی چیلنج کیا تھا کہ بتائیں، کس نے کس سے این آر او  مانگا ہے ؟ پہلے بھی بتایا تھا کہ سلیکٹڈ وزیراعظم کی اوقات ہی نہیں کہ این آر او دے سکے،کرائے کے ترجمان نواز شریف کی صحت اور مسلم لیگ ن پر اتنے ٹویٹس کے بجائے بیروزگار عوام، تباہ حال معیشت، ایک کروڑ نوکری اور 50 لاکھ گھرکب ملیں گے؟قومی ترقی 5.8 سے 0.4 -کیسے ہوئی؟ چینی 52 سے 110، آٹا 33 سے 78روپے کلو کیسے ہوا؟جہانگیر ترین چینی چور وطن واپس کب لوٹ رہے ہیں کا بتائیں؟۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت، وزیر صحت یاسمین راشد اور سروسز ہسپتال کے ڈاکٹرز سے پوچھیں جنہوں نے درخواست کی کہ نوازشریف کا علاج پاکستان میں نہیں ہو سکتا، انہیں باہر جانے کی اجازت دی جائے،یہ ہی پاکستان تحریکِ انصاف کا جھوٹ ،کرپشن اور دھوکہ ہے جس کی سزا دو سال سےعوام کاٹ رہی ہے۔

مزید :

قومی -