کرونا سے ایک جاں بحق، بہاولپور ڈویژن میں 7لاکھ سے زائد شہریوں کی ویکسی نیشن
ملتان،ڈیرہ غازیخان، رحیم یار خان(وقائع نگار،سٹی رپورٹر،نمائندہ پاکستان)کورونا کی چوتھی لہر کے پیش نظر ضلع بھر میں شہریوں کو ویکسین لگانے کا عمل تیزی سے جاری ہے گذشتہ روز ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی نے ایک دن میں 33ہزار476افراد کو ویکسین لگا کرڈویژن بہاولپور میں سب سے زیادہ شہریوں کو ویکسین لگانے کا اعزاز حاصل کر لیا۔ضلع میں مجموعی طو ر پر 7لاکھ7ہزار862شہریوں کو ویکسین لگائی جا چکی ہے۔ڈپٹی (بقیہ نمبر24صفحہ6پر)
کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کی کارکردگی اور شہریوں کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس وبائی مرض کے اثرات کو محدود رکھنے کا واحد ذریعہ ویکسین ہے اور حکومت پنجاب اپنے شہریوں کو اس مرض کے اثرات سے محفوظ رکھنے کے لئے وافر مقدار میں ویکسین فراہم کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے شہریوں کی سہولت کے لئے ضلع بھر کے شہری و دیہی علاقوں میں ویکسین سینٹرز کی تعداد میں اضافہ کیا ہے جبکہ موبائل ویکسین یونٹ بھی دور افتادہ علاقوں میں جاکر شہریوں کو ویکسین کی سہولت فراہم کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ کورونا کی چوتھی لہر کے باعث تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ اپنی تحصیلوں میں عوامی مقامات، مارکیٹس، بازاروں، شادی ہالز و دیگر جگہوں پر کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں اور اس ضمن میں تاجر برادری کے تعاون سے حکومتی ہدایات پر عمل کرایا جائے۔ڈپٹی کمشنر نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ بلا ضرورت پرہجوم جگہوں پر جانے سے گریز کریں اور گھروں سے باہر نکلتے وقت ماسک کا استعمال ضرور کریں۔ ٹیچنگ ہسپتال ڈی جی خان کے کورونا وارڈ میں داخل ایک اور خاتون مریضہ جاں بحق،40مریض ہسپتال میں داخل، 6 نئے کورونا کیسزمثبت،جبکہ25مریضوں میں کورونا کاخدشہ اور 9مریض ونٹیلیٹرز پر آ گئے ٹیچنگ ہسپتال ڈی جی خان کے فوکل پرسن ڈاکٹر خالد تحسین نے بتایا کہ ٹیچنگ ہسپتال کے کورونا وارڈ میں داخل40 مریضوں میں سے ایک اور خاتون مریضہ فاطمہ بی بی جا ں بحق ہو گئی،6 نئے مریضوں کے کروناکیسز مثبت آگئے جبکہ ہسپتال میں داخل25مریضوں میں کورونا کا خدشہ پایا جارہا ہے اور 9مریض ونٹیلیٹرز پر ہیں فوکل پرسن ڈاکٹر خالد تحسین نے کہا کہ کورونا ایک خطرناک وباء ہے حکومتی ایس او پیز پرعمل کرکے اس سے محفوظ رہاجاسکتا ہے شہری حکومتی ایس اوپیز پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔ خود بھی محفوظ رہیں اور دوسروں کوبھی محفوظ رکھیں۔ نشتر ہسپتال ملتان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا میں مبتلا کوئی مریض جاں بحق نہیں ہوا ہے۔جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 883 تک برقرار رہی ہے تفصیل کے مطابق نشتر ہسپتال کے آئی سو لیشن وارڈز میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا میں مبتلا کوئی مریض جاں بحق نہیں ہوا،یوں یکم اپریل 2020 سے 22 اگست 2021 کے درمیان کورونا کے باعث ہونے والی اموات کی مجموعی تعداد 883 ہے،جبکہ نشتر ہسپتال میں زیر علاج کورونا کہ مریضوں کی تعداد 26ہو گئی ہے جن میں سے 17مریضوں کا تعلق ملتان سے ہے,جبکہ کورونا کے شبہ میں 49مریض زیر علاج ہیں جن کی رپورٹس کا انتظار ہے،ادھر رواں سال نشتر ہسپتال میں کورونا کے شبہ میں 7ہزار 378افراد رپورٹ ہوئے جن میں سے 2 ہزار 815 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے۔