کراچی، نادرا کے ڈی ایچ اے میگا سینٹر آنے والے شہر ی پریشان 

      کراچی، نادرا کے ڈی ایچ اے میگا سینٹر آنے والے شہر ی پریشان 

  

 کراچی(این این آئی)نادرا کے ڈی ایچ اے میگا سینٹر آنے والے شہری پریشان، رات گئے بھی شہریوں کو کئی کئی گھنٹے انتظار کرنا پڑتا ہے، کھڑے رہنے سے کئی بیمار خواتین کی حالت خراب ہو گئی۔رات میں صرف ایک کاؤنٹر سے کام چلایا جارہا ہے،شہریوں نے وفاقی وزیر داخلہ سے مشکلات کا نوٹس لینے اور متعلقہ افسران کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق نادرا کی جانب سے ڈی ایچ اے کراچی میں شہریوں کو 24 گھنٹے سہولت فراہم کرنے کے لیے میگا سینٹر قائم کیا گیا ہے۔ تاہم میگا سینٹر پرخصوصاً رات کے اوقات میں زیادہ تر کاؤنٹرزکو بند کر کے صرف ایک کاؤنٹر سے کام چلایا جارہا ہے، جس ہے باعث رات کے پچھلے پہر بھی مردوخواتین کی طویل قطاریں لگی رہتی ہیں۔ شہری رات کے اوقات میں اس امید کے ساتھ آتے ہیں کہ ان کا نمبر تھوڑی دیر میں آجائے گا لیکن انہیں رات بھر بھی کئی کئی گھنٹے لائن میں کھڑے ہونا پڑتا ہے۔ دو سے تین گھنٹے کا انتظار تو معمول کی بات ہے۔ اس صورتحال کے باعث شہریوں کو شناختی کارڈ بنانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ انتظار میں کھڑی خواتین نے بتایاکہ وہ بیمار ہیں، یہاں بیٹھنے کا بھی کوئی انتظام نہیں ہے، افسران آرام سے اندر ٹھنڈے کمروں میں بیٹھے ہیں اور صارفین کی سننے والا کوئی نہیں ہے۔ اس صورتحال کے حوالے سے میڈیا نمائندوں نے نادرا میگا سینٹر انچارج سے بات کرنے کی کوشش کی تاہم انہیں گارڈز نے اندر جانے سے روک دیا اور رات کی ڈیوٹی پر موجود انچارج فہیم نے ملاقات کرنے سے بھی انکار کر دیا۔ شہریوں نے وفاقی وزیر داخلہ سے مشکلات کا نوٹس لینے اور متعلقہ افسران کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

مزید :

صفحہ آخر -