طالبان نے شمالی افغانستان کے تین اضلاع پر قبضہ کرلیا
کابل(ڈیلی پاکستان آن لائن)افغانستان میں طالبان نے شمال میں واقع تین اضلاع پر دوبارہ قبضہ کرلیا ہے۔گذشتہ ہفتے ان اضلاع پر مقامی ملیشیاؤں نے کنٹرول سنبھال لیا تھا۔
تفصیل کے مطابق طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے سوموار کو اپنے ٹویٹراکاؤنٹ پر کہا ہے کہ ان کی فورسز نے ان تینوں اضلاع کو کلیئر کرلیا ہے۔اس کے بعد تین شمالی صوبوں بدخشان ، تخاراور اندراب میں بھی کنٹرول مضبوط بنا لیا ہے۔ یہ تینوں صوبے وادیِ پنج شیر کے ساتھ واقع ہیں۔
طالبان کے 15 اگست کو دارالحکومت کابل پر کنٹرول کے بعد شمالی صوبہ بغلان میں واقع تین اضلاع بانو ،دیہ صالح اور پُلِ حصار پر مقامی ملیشیاؤں نے صف بندی کرکے قبضہ کرلیا تھا۔ان کی یہ پیش قدمی اس بات کی علامت تھی کہ طالبان کو شمالی افغانستان میں مسلح مزاحمت کا سامنا ہوسکتا ہے۔