رحیم یار خان، کچے میں ڈاکوؤں کا پولیس پر راکٹوں سے حملہ، 12اہلکار شہید
رحیم یار خان (مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) رحیم یار خان کے کچے کے علاقے میں پولیس قافلے پر ڈاکوؤں کے حملے میں 11 اہلکار شہید اور10 زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق رحیم یار خان کی تحصیل صادق آباد میں کچے کے علاقے ماچھکہ میں ڈاکوؤں نے دو گاڑیوں پر فائرنگ کی اور راکٹوں سے حملہ کیا۔ پولیس کے مطابق دونوں پولیس موبائل میں 21 سے زائد اہلکار موجود تھے۔ حکام نے بتایا کہ دونوں پولیس موبائل بارش کے پانی میں پھنس گئی تھیں۔ ڈاکوؤں نے گاڑیوں پر راکٹ سے حملہ کیا۔حملے میں زخمیوں اور لاشوں کو شیخ زید ہسپتال منتقل کیا گیا، حملے میں مزید اموات کا خدشہ ہے جبکہ ڈاکوں کی تلاش کے لئے پولیس ٹیمیں روانہ کر دی گئیں ۔راکٹ لانچر کے حملے میں پولیس موبائلیں تباہ ہوگئیں، واقعہ کے بعد ضلع بھر کی پولیس کی بھاری نفری کو جائے وقوعہ پر طلب کرلیا گیا جبکہ نفری کی قیادت ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کررہے ہیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او ڈی جی خان سے رپورٹ طلب کر لی ہے جبکہ وہ سینئر افسران سمیت رحیم یار خان روانہ ہو گئے ہیں۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے رحیم یار خان میں کچے کے علاقے میں پولیس گاڑیوں پر ڈاکوؤں کے حملے کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے شہید پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ شہدا کے لواحقین کے ساتھ کھڑے ہیں۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے زخمی پولیس اہلکاروں کیلئے جلد صحت یابی کی دعا کی۔وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے لاپتہ پولیس اہلکاروں کو بازیاب کرانے کیلئے آپریشن کا حکم دے دیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازنے آئی جی پولیس سے فوری رپورٹ طلب کرلی۔وزیراعلی پنجاب کی جانب سے بھی رحیم یار خان کچے کے علاقے میں پولیس اہلکاروں کی شہادت پر گہرے رنج اور دکھ کا اظہار کیا گیا ہے۔۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے رحیم یار خان میں پولیس قافلے پر کچے کے ڈاکوؤں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے حملے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے لواحقین کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے۔۔ وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے رحیم یار خان میں پولیس کے قافلے پر ڈاکوؤں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے جوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا۔ وزیرِ اعظم نے شہدا کی بلندی درجات اور ان کے اہلِ خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا جبکہ زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا بھی کی۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ زخمی پولیس اہلکاروں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ اس کے علاوہ شہباز شریف نے کچے کے علاقے میں حملہ آوروں کے خلاف فوری اور مثر کاروائی کی ہدایت کرتے ہوئے ذمہ داران کی نشاندہی کر کے انہیں قرار واقعی سزا دلوانے کی ہدایت بھی کی
ڈاکو حملہ