پی ٹی آئی کااسلام آباد میں ہونیوالا جلسہ ملتوی
ّاسلام آباد(مانیٹر نگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے آج اسلام آباد میں ہونے والا جلسہ ملتوی کر دیا۔پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی نے بیرسٹر گوہر کی موجودگی میں جلسہ ملتوی کرنے کا اعلان کیا، جلسہ بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر ملتوی کیا گیا، عمران خان کی ہدایت پر آج ہونے والا جلسہ اب 8 ستمبر کو ہوگا۔اعظم سواتی نے اڈیالہ جیل میں بانی تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کی، اعظم سواتی نے مذہبی جماعت کے احتجاج سے متعلق آگاہ کیا۔اعظم سواتی کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ کسی بھی انتشار سے بچنے کیلئے جلسہ ملتوی کر دیا جائے۔چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا جلسہ 8 ستمبر کو ہوگا، 8 ستمبر کے جلسے سے متعلق پہلے ہی نوٹیفائی ہو چکا ہے۔اسلام آباد کی انتظامیہ نے سخت شرائط کے ساتھ پاکستان تحریک انصاف کو 8 ستمبر کو جلسہ کرنے کی اجازت دے دی۔ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اسلام آباد کی جانب سے 40 ہدایات کے ساتھ نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق اسلام آباد انتظامیہ نے 22 اگست کا این او سی مذہبی جماعتوں کے احتجاج کی وجہ سے منسوخ کیا، 8 ستمبر کو انتظامیہ جلسے کو سکیورٹی فراہم کرے گی۔بتایا گیا ہے کہ جلسہ کرنے والے افراد کسی بھی شہری کے بنیادی حقوق کو متاثر نہیں کریں گے، لوگ شام 4 بجے اکٹھے ہوں گے اور 7 بجے جلسہ ختم کرنا ہوگا، یہ جلسے کی انتظامیہ کی ڈیوٹی ہوگی کہ جلسہ ختم کرنے کے بعد کارکنان کو منتشر کیا جائے۔نوٹیفکیشن کے مطابق لاٹھی یا کسی بھی قسم کا ہتھیار کسی کے پاس نہ ہو، دھرنا دینے، ریاستی اداروں کے خلاف تقریر کی اجازت نہیں ہوگی، شرکاء کی حفاظت کی مکمل ذمہ داری منتظمین پر ہوگی، سٹیج کیلئے شرکاء کی فہرست 12 گھنٹے قبل انتظامیہ کو مہیا کرنا ہوگی، کسی بھی سکیورٹی صورتحال پر جلسے کا این او سی منسوخ کر دیا جائے گا۔
جلسہ ملتوی