ٹیسٹ کرکٹ،محمد رضوان150 رنز بنانیوالے پانچویں وکٹ کیپر بن گئے
راولپنڈی (آن لائن ) پاکستانی بلے باز محمد رضوان ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی شاندار فارم کو جاری رکھتے ہوئے بنگلہ دیش کے خلاف شاندار 150 رنز بنا کر ٹیسٹ میچوں میں یہ سنگ میل عبور کرنے والے پانچویں پاکستانی وکٹ کیپر بن گئے۔ 239 گیندوں پر 171 رنز کی شاندار اننگز کے ساتھ رضوان پاکستانی وکٹ کیپرز کے ایلیٹ گروپ میں شامل ہو گئے ہیں جنہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں 150 یا اس سے زیادہ رنز بنائے ہیں۔اب وہ امتیاز احمد، تسلیم عارف، راشد لطیف اور کامران اکمل جیسے وکٹ کیپر بیٹرز کے ساتھ کھڑے ہیں۔ مزید برآں 31 سالہ رضوان 2009ء_ کے بعد ٹیسٹ میچ میں 150 رنز بنانے والے پہلے پاکستانی وکٹ کیپر بلے باز بھی ہیں۔ اس سے قبل محمد رضوان نے ٹیسٹ میں سب سے زیادہ 115 رنز بنا رکھے تھے۔یاد رہے کہ 2009ء میں سابق وکٹ کیپر بیٹر کامران اکمل نے آخری مرتبہ سری لنکا کے خلاف کراچی ٹیسٹ میں 158 رنز کی اننگز کھیلی تھی