بونا راست جدید تکنیکوں سے مالیاتی لین دین کو فروغ دینے کیلئے اہم قدم: وزیراعظم
اسلام آباد (مانیٹر نگ ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بونا راست کنیکٹیوٹی منصوبہ جدید تکنیکوں کے ذریعے مالیاتی لین دین کو فروغ دینے کیلئے ایک بہت بڑا قدم ہے۔بونا- راست کنیکٹیویٹی منصوبے کے نفاذ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ میں سب کو خوش آمد کہتا ہوں اور اس منصوبے میں میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کا شکریہ ادا کرتا ہوں، اس تقریب میں شرکت میرے لئے باعث مسرت ہے۔انہوں نے کہا کہ بوناراست کنیکٹیویٹی منصوبہ پاکستان اور عرب ممالک کے درمیان اہم سنگ میل ہے، بونا راست پاکستان کا پہلا کراس بارڈر رقوم کی منتقلی کا نظام ہے، ڈیجیٹل نظام راست کو عرب مانیٹری فنڈ کے تحت بونا سے جوڑا جا رہا ہے، منصوبے سے پاکستان اور عرب ممالک میں رقوم کی منتقلی شفاف اور مؤثر انداز میں ہو سکے گی۔ان کا کہنا تھا کہ بونا راست سے عوام کو سہولت اور کاروبار فروغ پائے گا، بونا راست کنیکٹویٹی سے عرب ممالک سے پاکستانی شہری رقوم کی منتقلی کر سکیں گے، منصوبے سے پاکستان کا رقوم کی ڈیجیٹل منتقلی کا بنیادی ڈھانچہ مضبوط ہوگا۔شہباز شریف نے کہا کہ بونا راست منصوبہ ترسیلات زر میں بھی اضافے کا سبب بنے گا، منصوبے سے حوالہ اور ہنڈی کا خاتمہ ہوگا۔وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ ملک کو چیلنجز درپیش ہیں، ہم مشترکہ کاوشوں اور ٹیم ورک سے چیلنجز کا مقابلہ کریں گے، منصوبے سے رقوم کی منتقلی کے غیر روایتی چینلز کا خاتمہ ہوگا۔اس سے قبل وزیرِ اعظم شہباز شریف نے سمندر پار پاکستانیوں کیلئے بونا-راست کنیکٹیوٹی منصوبے کے نفاذ کا اجرا کر دیا۔وزیر اعظم کے ویڑن کے تحت سمندر پار پاکستانیوں کو رقوم بھجوانے کے تیز، مؤثر اور کم لاگت کے منصوبے کا نفاذ شروع ہوگیا، منصوبے کے تحت پاکستان کے ادائیگیوں کے ڈیجیٹل نظام راست کو عرب مانیٹری فنڈ کے تحت قائم بونا سے جوڑا جا رہا ہے۔
وزیراعظم
اسلام آباد(این این آئی)وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے جرمنی کی وفاقی وزیر برائے اقتصادی تعاون و ترقی سوینجا شولزے نے وزیر اعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔ملاقات میں وزیراعظم نے وزیر شلزے کا پاکستان میں خیرمقدم کیا اور پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے جرمنی کے تعاون کو سراہا۔اس مو قع پر شہبازشریف نے کہاکہ پاکستان اور جرمنی کے مابین باہمی طور پر مفید تجارتی اور اقتصادی تعلقات موجود ہیں۔انہوں نے پاکستان کی صنعتی ترقی میں جرمنی کے کردار کی تعریف کی۔ اس تناظر میں وزیراعظم نے پاکستان جرمنی شراکت داری کو فروغ دینے کی بھرپور خواہش کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے پائیدار ترقی، موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرت میں کمی اور معاشی نمو کے لیے پاکستان کے عزم کو اجاگر کیا جبکہ ملک کی معاشی بحالی کیلیے اصلاحات سمیت اپنی حکومت کی ترجیحات کا بھی ذکر کیا۔ وزیر شلزے نے وزیر اعظم کو چانسلر اولاف شولز کا تہنیتی پیغام پہنچایا اور پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات بالخصوص تجارت، سرمایہ کاری اور ترقیاتی تعاون کے شعبوں میں اشتراک مضبوط بنانے کے لیے جرمنی کے عزم کا اعادہ کیا۔ مزید بر آں وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے کانفرنس برائے ایشیائی روابط اور اعتماد سازی اقدامات (سی آئی سی اے) کے سیکرٹری جنرل سفیر کیرات سری بے نے جمعرات کویہاں ملاقات کی۔ملاقات میں وزیر اعظم نے اعتماد سازی کے اقدامات کے ذریعے علاقائی تعاون کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ ایشیا میں امن، سلامتی اور استحکام کو فروغ دینے کیلئے سی آئی سی اے کے بنیادی مقصد کیلئے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے تنازعات کی بنیادی وجوہات کو حل کرنے، تنازعات سے بچاؤ کی حکمت عملیوں پر عمل پیرا ہونے اور خطے میں دیرپا امن اور خوشحالی کو یقینی بنانے کیلئے طویل مدتی حل تیار کرنے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔مزید بر آں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اٹک میں سکول وین پر فائرنگ کے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے واقعہ میں جاں بحق ہونے والے بچوں کے خاندانوں سے اظہار تعزیت،زخمی بچوں کی جلد صحت یابی کی دعا اور انہیں بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ملاقاتیں