ضلع بہاولنگر، ڈیفالٹر کی میپکو ریکوری ٹیم پر فائرنگ
ملتان(نیوز رپورٹر)ضلع بہاولنگر میں بجلی بل کی ادائیگی نہ کرنے والے ڈیفالٹر نے میپکو ریکوری ٹیم پر فائرنگ کر دی۔ میپکو لائن مین بال بال بچ گیا، کار سرکار، جان سے مارنے کی کوشش کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کروا دیا گیا۔ میپکو فقیر والی سب ڈویژن کی ریکوری ٹیم 41ہزار روپے بل کی ادائیگی چیک کرنے چک 172/7-R گئی۔بل کی ادائیگی کا مطالبہ کرنے پر ڈیفالٹر منصور اختر نے بل دینے سے انکار کر دیا اور کنکشن منقطع کرنے والے لائن مین ناصر محمود کو روکا، گالیاں دیں۔شور کی آواز سن کر انوار الحق نامی شخص کلہاڑی سمیت آیا اور میپکو اہلکار کو جان سے مارنے کی (بقیہ نمبر4صفحہ7پر)
دھمکیاں دیں۔ڈیفالٹر منصور اختر اپنے گھر سے پستول لے آیا اور سیدھے فائر میپکو لائن مین ناصر محمود پر کرنے لگا۔لائن مین ناصر محمود نے زمین پر گر کر اپنی جان بچائی اور بال بال بچا۔ فائر کی آواز سن کر ساتھ والی گلی میں موجود ریکوری ٹیم کے دیگر ارکان آئے اور بڑی مشکل سے لائن مین کی جان بچائی۔ اہل علاقہ کے اکٹھا ہونے اور 15پر کال کرنے پر جان لیوا حملہ کرنے والا ڈیفالٹر ساتھی سمیت فرار ہو گیا۔ ایس ڈی او فقیر والی سب ڈویژن کی درخواست پر تھانہ کچھی والا میں مقدمہ درج کروا دیا گیا۔