آئندہ سال مزید کامیابیاں حاصل کرنے کی کوشش کروں گا، اعصام الحق
اسلام آباد (اے پی پی) عالمی شہرت یافتہ پاکستانی ٹینس سٹار اعصام الحق نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ فتوحات کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے نئے سال مزید کامیابیاں حاصل کریں گے۔ وہ توقع رکھتے ہیں کہ سال 2014ءان کی کامیابیوں کا سال ثابت ہوگا۔ ڈیوس کپ ٹائی کھیلنے کا حتمی فیصلہ نہیں کیا، 8 سال بعد پاکستان میں کھیل کر خوب انجوائے کیا اور آئندہ بھی ملک میں کھیلتے رہیں گے۔ اتوار کو اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈیوس کپ شیڈول کی تبدیلی کے حوالے سے پاکستان ٹینس فیڈریشن نے ان سے مشاورت نہیں کی، بین الاقوامی مقابلوں میں مصروفیت کے باوجود وہ ایونٹ میں شرکت کی پوری کوشش کریں گے تاہم ابھی اس کا حتمی فیصلہ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ آئندہ 2 روز میں مختلف بین الاقومی ایونٹس جن میں چنائی اوپن ، آسٹریلیا اوپن اور سڈنی اوپن شامل ہیں کھیلنے کےلئے روانہ ہو جائیں گے۔