ظہیر خان نے ٹیسٹ میں وکٹوں کی ٹرپل سنچری مکمل کر لی
جوہانسبرگ (اے پی پی) بھارتی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز فاسٹ باﺅلر ظہیر خان نے ٹیسٹ کرکٹ میں وکٹوں کی ٹرپل سنچری مکمل کر لی، انہوں نے یہ سنگ میل جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں حاصل کیا، جیک کیلس ان کا 300 واں نشانہ بنے۔ اس طرح ظہیر خان تین سو وکٹیں حاصل کرنے والے چوتھے بھارتی باﺅلر بن گئے ہیں۔ 35 سالہ ظہیر خان نے 2000 میں بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو کیا اور اس وقت ان کا شمار دنیا کے بہترین فاسٹ باﺅلرز میں ہوتا ہے۔ ظہیر خان فٹنس مسائل کی وجہ سے کافی عرصہ کرکٹ سے دور رہے، انجری سے نجات کے بعد ان کی جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں ٹیم میں واپسی ہوئی، انہوں نے جوہانسبرگ میں کیریئر کا 89 واں ٹیسٹ کھیلا، میچ سے قبل انہیں وکٹوں کی ٹرپل سنچری مکمل کرنے میں 5 وکٹیں درکار تھیں، پہلی اننگز میں انہوں نے چار کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا، دوسری اننگز میں انہوں نے جیک کیلس کو ایل بی ڈبلیو کرکے وکٹوں کی ٹرپل سنچری مکمل کی۔ اس طرح وہ تین سو وکٹیں حاصل کرنے والے چوتھے بھارتی باﺅلر بن گئے ہیں۔ بھارت کی جانب سے سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے کا اعزاز انیل کمبلے کو حاصل ہے، انہوں نے 132 ٹیسٹ کھیل کر 619 وکٹیں حاصل کیں، کپل دیو 434 وکٹوں کے ساتھ دوسرے اور ہربھجن سنگھ 413 وکٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔