ماریشس پاکستان کےساتھ تجارتی تعلقات میں دلچسپی رکھتا ہے،ڈاکٹر احمد رشید

ماریشس پاکستان کےساتھ تجارتی تعلقات میں دلچسپی رکھتا ہے،ڈاکٹر احمد رشید

  

پورٹ لوئی (آئی این پی ) ماریشس کے نائب وزیراعظم ڈاکٹر احمد رشید بی بی جون نے کہا ہے کہ ماریشس پاکستان کے ساتھ تجارتی صلاحیت سے استفادہ کیلئے آزادانہ تجارتی معاہدہ چاہتا ہے، پاکستان ماریشس کے تاجروں کو دستیاب سرمایہ کاری کے مواقع کے بارے میں آگاہی فراہم کرے، ماریشس کو پاکستان میں سرمایہ کاری میں مدد ملے گی، اگر ہم افریقہ میں سرمایہ کاری کر سکتے ہیں تو پاکستان میں کیوں نہیں، اس سلسلہ میں تجارت سے وابستہ تنظیموں کے حکام ماریشس آ کر ماریشس کے سرمایہ کاروں کو آگاہی دیں۔ اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ زرعی ملک ہونے کی حیثیت سے پاکستان بہترین زرعی اجناس خاص طور پر پھل اور سبزیاں پیدا کرتا ہے، پاکستانی آم دنیا بھر میں مشہور ہیں، ہم ان شعبوں میں پاکستان سے تجارت میں دلچسپی رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ماریشس میں بھی سرمایہ کاری کے دوستانہ اور پرکشش مواقع موجود ہیں اور ان کی حکومت ماریشس کو صحت اور تعلیم کے اداروں کا ایک مرکز بنانا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک کی معیشت سیاحت، مصنوعات سازی اور چینی کی صنعت پر مبنی ہے۔ ماریشس کے نائب وزیراعظم نے کہا کہ وہ تجارت کے فروغ کیلئے آزادانہ تجارتی معاہدہ میں پیش رفت کیلئے کام کریں گے۔انہوں نے بتایا کہ ماریشس میں مختلف مذاہب، ثقافتوں اور کمیونٹیز کے لوگ آباد ہیں جو پرامن طور زندگی گزار رہے ہیں۔

                  ڈاکٹر احمد رشید

مزید :

صفحہ آخر -