چوتھا ون ڈے جیت کر سیریز برابر کرنے کیلئے تیار ہیں،اینجیلو میتھیوز

چوتھا ون ڈے جیت کر سیریز برابر کرنے کیلئے تیار ہیں،اینجیلو میتھیوز

  

 دبئی (اے پی پی) سری لنکا کرکٹ ٹیم کے کپتان اینجیلومیتھیوز نے کہا ہے کہ پاکستان کے ہاتھوں تیسرے ایک روزہ میچ میں شکست کے باوجود حوصلے پست نہیں ہوئے، چوتھا میچ جیت کر سیریز برابر کرنے کیلئے پر عزم ہیں، کھلاڑیوں میں فائٹنگ سپرٹ موجود ہے۔ سری لنکن ٹیم کو پاکستان کے خلاف پہلے اور تیسرے ایک روزہ میچ میں دلچسپ مقابلے کے بعد شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اپنے ایک بیان میں سری لنکن قائد نے کہا کہ ٹیم نے اچھی فائٹ کی لیکن قسمت نے ساتھ نہ دیا، بڑا ہدف ہونے کی وجہ سے ٹیم بھرپور کوشش کے باوجود مطلوبہ ہدف حاصل نہیں کر سکی۔ انہوں نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ شکست کے باوجود ٹیم نے اچھا پرفارم کیا جس کی وجہ سے کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ اگلے میچ میں بھی اسی کارکردگی کو برقرار رکھنے کیلئے تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں نے فتح حاصل کرنے کیلئے آخر دم تک زور لگایا جو کہ ہمارے لئے پلس پوائنٹ ہے اور یہ جذبہ دیکھ کر بے حد خوشی ہوئی، چوتھے ون ڈے میں پاکستان کو زیر کر کے سیریز برابر کرنے کی کوشش کریں گے۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -