نئے کاروباری مواقعوں کیلئے پاکستانی وفد یوگنڈا کا دورہ کرے گا ، اسلم بھٹی

نئے کاروباری مواقعوں کیلئے پاکستانی وفد یوگنڈا کا دورہ کرے گا ، اسلم بھٹی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(کامرس رپورٹر)پاک ترک بزنس مین ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل اسلم بھٹی نے کہا ہے کہ دنیا کا مستقبل افریقہ سے وابستہ ہے اور افریقی ممالک میں پاکستانی بزنس کمیونٹی کیلئے بے حد مواقع موجود ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے پاکستانی سرمایہ کاروں سے کہا کہ افریقی ممالک میں کاروبار کو وسیع کر نے کے مواقع موجود ہیں جن کو تلاش کر کے افریقہ پاکستانی تاجروں ،صنعتکاروں اور سرمایہ کاروں کیلئے مفید اور متبادل مارکیٹ ثابت ہو سکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہماری تاجر برادری کو افریقی ممالک میں موجود کاروباری اور سرمایہ کاری کے مواقعوں سے بھرپور فائدہ اُٹھانا چاہیے ۔ہم ہر قسم کی مصنوعات افریقی مارکیٹ میں متعارف کروا سکتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ جلد ہی وہ پاکستانی تاجروں ،سرمایہ کاروں اور صنعتکاروں کا ایک بڑا وفد ایک ہفتے کے دورے کیلئے یوگنڈا لے کر جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ یوگنڈا میں زراعت ،ٹیکنالوجی ،مشینری ،ٹیکسٹائل ،تعمیرات ،چمڑے ،کھیلوں کی مصنوعات کیلئے طبی اور آلات جراحی ،کاسمیٹکس ،صحت ،تعلیم ،معد نیات،خدمات،موصلات ،کیمکلز، ہوٹلز ،اور ٹیلی کمیونیکشن کے شعبوں میں کاروبار اور سرمایہ کاری کی جا سکتی ہے ۔انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ ان کا یہ دورہ انتہائی اہم ہو گا اور پاکستانی مصنوعات کیلئے نئی منڈیوں کی تلاش میں سنگ میل ثابت ہو گا ۔لہٰذا تاجروں اور سرمایہ کاروں کو اس سے بھر پور فائدہ اُٹھا نا چاہیے تا کہ ملک میں زر مبادلہ زیادہ سے ز یادہ لا یا جا سکے ۔

مزید :

کامرس -