حکومت فوری طور پر گیس کی قیمتوں میں اضافہ واپس لے،راؤ خورشید

حکومت فوری طور پر گیس کی قیمتوں میں اضافہ واپس لے،راؤ خورشید

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(کامرس رپورٹر)لاہور ٹریڈزررائٹس فورم کے وائس چےئرمین و چیف ایگزیکٹو کیمیکل ہاؤس راؤ خورشید علی نے گیس کی بندش اور قیمتوں میں حالیہ اضافہ عوام کے ساتھ سراسر زیادتی قرار دیتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت فوری طور پر گیس کی قیمتوں میں اضافہ واپس لے ۔ راؤ خورشید نے کہاکہ جمہوری حکومت کو عوام کے وسیع تر مفاد کو سامنے رکھ کر فیصلے کرنا چاہییں جبکہ موجودہ حکومت اس بات کا خیال رکھنے کی بجائے یک طرفہ فیصلے کرنے میں لگی ہوئی ہے جو درست اقدام نہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ایک جانب گھریلو صارفین کو بھی گیس کی فراہمی نہیں کی جا رہی جبکہ دوسری جانب صنعتوں کو بھی گیس کی بند ش کا سامنا ہے جس۔
کی وجہ سے کاروباری نظام پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ گیس کی بند ش کی وجہ سے عوام نے سڑکوں پر نکلنا شروع کر دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بعض علاقوں میں گیس کا پریشر اتنا کم ہے کہ چائے بنانا بھی مشکل ہے ۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا ہے کہ حکومت جلد از جلد تاپی گیس منصوبے کو پایہ ء تکمیل تک پہنچائے اس کے علاوہ ملک کے اندر موجود گیس کے دیگر ذخائر کو بھی دریافت کرنے کیلئے مربوط لائحہ عمل تشکیل دیا جائے تاکہ توانائی کے حوالے سے عوامی مشکلات کا ازالہ کرنے کے ساتھ ساتھ صنعتوں کو بھی بلا تعطل توانائی کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔

مزید :

کامرس -