لودھراں سے تحریک انصاف کی فتح ہو گی: جمشید اقبال چیمہ
لاہور(نمائندہ خصوصی)تحریک انصاف پنجاب میڈیا ٹاسک فورس کے کنوینئر جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ لودھراں کے عوام آج کے انتخابی معرکے میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت سے اپنی محرومیوں کا بدلہ لیں گے ،ایک خاص طبقے کے ’’خادم اعلیٰ ‘‘پلوں کے منصوبے توہفتوں اور مہینوں میں مکمل کرا لیتے ہیں لیکن عوام کے بنیادی مسائل کے حل کے منصوبے اعلانات سے آگے نہیں بڑھ پاتے ۔ اپنے ایک بیان میں جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ لودھراں کے عوام تحریک انصاف کے حق میں اپنا پیشگی فیصلہ سنا چکے ہیں۔
اور انشا اللہ آج صرف مہر ثبت ہونا باقی ہے ۔ عوام کی پی ٹی آئی کے لئے پذیرائی کو دیکھتے ہوئے حکمران جماعت نے اپنی ریاستی مشینری کو متحرک کر دیا ہے لیکن عوام آج اپنے ووٹ کی طاقت سے ہر دھونس اور دھاندلی کو ناکام بنا دیں گے ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کی طرف سے عوام کے مسائل کے حوالے سے بھرپور اپوزیشن کا کردار ادا کرنے کے اعلان سے ہی حکومت کی ٹانگیں کانپنا شروع ہو گئی ہیں۔ ہم عوامی مسائل کے ساتھ ساتھ انتخابی نظام میں اصلاحات کیلئے بھی اپنی کاوشیں جاری رکھیں گے اور انشا اللہ آئندہ عام انتخابات کا شفاف نظام کے تحت انعقاد ہوگا جس سے (ن) لیگ کو’’ واردات ‘‘ کرنے کا موقع نہیں ملے گا۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ اب عوام کو بھی اپنے حقوق کیلئے خود آواز بلند کرنا ہو گی ۔ باریاں لینے والے کبھی بھی عوام کو ان کے حقوق نہیں دیں گے بلکہ عوام کو حقوق چھین کر لینا ہوں گے ۔