حکومت سانحہ سندر کے متاثرین کی بھرپور مدد کیلئے کوشاں ہے،راجہ اشفاق سرور

حکومت سانحہ سندر کے متاثرین کی بھرپور مدد کیلئے کوشاں ہے،راجہ اشفاق سرور

  

لاہور( اپنے نامہ نگار سے) حکومت پنجاب سندر فیکٹری حادثہ کے سانحہ میں ہلاک ہونے والے مزدوروں کے اہل خانہ کی بھر پور امداد کے لئے تمام ضروری اقدامات کر رہی ہے۔سندر انڈسٹریل اسٹیٹ کے صنعتکاروں کی طرف سے ہلاک شدگان کے لواحقین کے لئے ایک کروڑ روپے کی امداد کی فراہمی اوران کے بچوں و دیگر اہل خانہ کو سندر انڈسٹریل اسٹیٹ میں ملازمتیں فراہم کرنے کے عمل کو قد ر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر محنت و انسانی راجہ اشفاق سرو رنے سندر انڈسٹریل اسٹیٹ کی انتظامیہ اور صنعت کاروں کی طرف سے سندر فیکٹری حادثہ کے ہلاک مزدوروں کے ورثا کو فی کس 2لاکھ روپے مالیت کے امدادی چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ہے۔رکن قومی اسمبلی عارفہ خالد ، چیئرمین پنجاب انڈسٹریل اسٹیٹس ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (پیڈ مک ) ایس ایم منیر، صدر پنجاب انڈسٹریل اسٹیٹس محمد احمد ،صدر بورڈ آف مینجمنٹ ہارون ارشد، چیف ایگزیکٹو آفیسر پیڈ مک کرنل (ر) نوید مشتاق گل ، متعلقہ محکمو ں کے افسران ، صنعتکاروں اور مزدوروں کے اہلخانہ نے تقریب میں شرکت کی۔ وزیرمحنت راجہ اشفاق سرور اور دیگر افراد نے سندر انڈسٹریل ا سٹیٹ کے صنعتکاروں کی طرف سے فیکٹری حادثہ کے ہلاک ہونے والے مزدوروں کے ورثا میں 2لاکھ روپے مالیت کے چیک تقسیم کئے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وّزیرمحنت راجہ اشفاق سرور نے کہاکہ سانحہ سندر میں جاں بحق ہونے والے مزدوروں اور زخمیوں کے اہل خانہ کے دکھ اور صدمے کو بھلایا نہیں جا سکتا ، مالی امداد انسانی زندگی کا نعم البدل نہیں تاہم زندگی کو رواں دواں رکھنے کے لئے یہ کاوش انتہائی ضروری ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت پنجاب فیکٹری حادثے کے تمام افراد کے غم میں برابر کی شریک ہے اور ہلاک افراد کے ورثا کو حکومت پنجاب کی طرف سے 5لاکھ روپے فی کس ادائیگی کرنے کے علاوہ فیکٹری مالکان کی طرف سے بھی 4لاکھ روپے فی کس ازالے کی رقم کی فراہمی کے انتظامات آخری مراحل میں ہیں۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -