انسانیت کی تکریم ہم سب پر فرض ہے،خواجہ سلمان رفیق

انسانیت کی تکریم ہم سب پر فرض ہے،خواجہ سلمان رفیق

  

لاہور( جنرل رپورٹر)مشیر وزیراعلی پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ انسانیت کی تکریم ہم سب پر فرض ہے۔ نبی آخر الزماں حضرت محمد ﷺ کی تعلیمات میں اس نکتہ پر بہت زور دیا گیا ہے۔ آپ ﷺ نے اپنے افکار، اسوہ حسنہ، اور تعلیمات کے ذریعے انسانیت کی تکریم کا جو معیار آج سے چودہ سو سال پہلے پیش کیا، اس کی مثال آج بھی دنیا میں کہیں بھی نہیں ملتی ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور جنرل ہسپتال میں کرسمس کی مناسبت سے منعقدہ تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو اور شرکاء سے خطاب میں کیا۔ پنجاب پیرا میڈکل سٹاف ایسویسی ایشن کی جانب سے منعقد کی گئی۔ تقریب میں پرنسپل پوسٹ گریجوایٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ ،پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود ، ایم ایس کیپٹن(ر) ڈاکٹر نیاز احمد اور پنجاب پیرا میڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن کے عہدیداران یوسف بلا، رحمت سندھو، رانا پرویز، ارشد بٹ، خالد گوندل، بابر ، امانت، ساغر، امین سلامت و دیگر کے ہمراہ مشیر صحت نے 100پونڈ وزنی کیک بھی کاٹا۔ اس موقع پر جنرل ہسپتال میں کام کرنے والے تمام مسیحی ملازمین نے بطور مہمان اعزاز شرکت کی۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ موجودہ حکومت نے نہ صرف اکثریتی آبادی مسلمانوں بلکہ غیر مسلموں کو بھی ان کے تمام آئینی حقوق تفویض کئے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ نہ صرف مسیحی بلکہ ہندو،سکھ، پارسی، بہائی مذاہب سے تعلق رکھنے والوں کو بھی مذہبی آزادی حاصل ہے اور وہ بآسانی اپنی مذہبی رسومات ادا کر تے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پیرا میڈیکل سٹاف کے سروس سٹرکچر کا مسئلہ ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جارہا ہے جلد ملازمین خوشخبری سنیں گے۔کرسمس تقریب میں پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے مسیحی ملازمین کو کرسمس کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ انسانیت کی تعظیم کا ایک پہلو دکھی انسانیت کی خدمت بھی ہے ۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -