کلاسیکل گائیک استاد تصدق علی خان کی دوسری برسی آج منائی جائے گی

کلاسیکل گائیک استاد تصدق علی خان کی دوسری برسی آج منائی جائے گی

  

لاہور(فلم رپورٹر)شام چوراسی گھرانے کے چشم وچراغ،معروف موسیقاراور ریڈیو پروڈیوسر استاد تصدق علی خان کی دوسری برسی آج منائی جائے گی ۔تصدق علی خان 1939ء میں شام 84ء گھرانے کے معروف فن کار استاد ولایت علی خان کے ہاں پیدا ہوئے ابتدائی تعلیم اپنے والد ہی سے حاصل کی جبکہ کم عمری میں اپنے بڑے بھائیوں سلامت علی اور نزاکت علی سے بھی فیض حاصل کرتے رہے ۔تقسیم ہند کے بعد اپنے خاندان کے ہمراہ ہجرت کرکے پاکستان آگئے اور اولیاء کی سرزمین ملتان میں سکونت اختیار کی یہیں میٹرک تک تعلیم حاصل کرنے کے بعد 1958ء میں ریڈیو پاکستان ملتان سے بطور کلاسیکل آرٹسٹ اپنے فنی سفر کا آغاز کیا ۔وہ 1964ء میں اسلامیہ کالج سول لائنز لاہورسے بی اے کی ڈگری حاصل کرنے کے بعد ریڈیو پاکستان میں پروڈیوسر تعینات ہوئے اور انہیں موسیقی سے گہری وابستگی کی بناء پر شعبہ موسیقی میں ٹرانسفر کردیا گیا ۔استاد تصدق علی خان کو یہ اعزاز حاصل تھا کہ انھوں نے 65ء اور 71ء کی جنگوں کے دوران ریڈیو پاکستان لاہور سے پروڈیوس ہونے والے متعدد قومی ترانوں کو اپنے معاصرین کے ہمراہ پروڈیوس کیا جنہیں شہرت حاصل ہوئی ۔تصدق علی خان نے ریڈیو پاکستان سے اپنی طویل رفاقت کے دوران لاتعداد ماسٹر پیس تخلیق کئے اور آج کے کئی نامور گلوکاروں کو ریڈیو پاکستان کے پلیٹ فارم سے فن شناسوں سے متعارف کرایا۔انھوں نے شوکت علی ،ریشماں ،مہدی حسن اور ان جیسے دیگر فن کاروں کی آواز میں معروف گیت ریکارڈ کیے جو آج بھی ریڈیو پاکستان کی پہچان ہیں ۔

وہ کنٹرولر کی حیثیت سے ریٹائرڈ ہوئے ان کاانتقال 23 دسمبر 2013 کو طویل علالت کے بعد لاہور میں ہوا ۔

مزید :

کلچر -