نیویارک میں جشن آمد رسول کی مناسبت سے ریلی اور سیرت النبی کانفرنس کا اہتمام

نیویارک میں جشن آمد رسول کی مناسبت سے ریلی اور سیرت النبی کانفرنس کا اہتمام

  

نیورک یارک (اے پی پی) امریکی شہرنیویارک میں جشن آمد رسول کی مناسبت سے مسلمانوں نے عید میلاد البنی ریلی نکالی اور اسے امن مارچ کا نام دیتے ہوئے دہشت گردی کی مذمت کی۔امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق نیویارک کے مشہور کونی آئی لینڈ میں نکالے جانے والے عید میلا النبی کے جلوس میں بڑی تعداد میں علمائے کرام کے علاوہ خواتین اور بچوں نے بھی شرکت کی۔ علماء اور شرکاء نعت خوانی کرتے ہوئے مکی مسجد پر پہنچے۔ شرکاء ہاتھوں میں بلند سبز پرچم اٹھائے ہوئے تھے جن پر رسول اللہﷺ کی شان میں عقیدت کے کلمات تحریر تھے۔ اس موقع پر مقامی پولیس کا دستہ بھی جلوس کے آگے مارچ کر رہا تھا جبکہ جلوس کے راستے پر جگہ جگہ سبیلیں لگی ہوئی تھیں جن پر روٹی، حلیم، کشمیری چائے اور بسکٹ سے شرکاء کی تواضع کی گئی ۔ عید میلاد النبی کی دوسری بڑی ریلی جیکسن ہائیٹس میں نکالی گئی جس میں نیویارک کے سینیٹر ہوزے پرالٹا نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی۔ ریلی کے اختتام پر سیرت النبی پر کانفرنس کا اہتمام کیا گیا تھا۔کانفرنس سے خطاب میں سنیٹر ہوزے پرالٹا نے کہا کہ امریکا سب کے لئے ہے اور مذہب کی بنیاد پر یہاں کوئی تفریق نہیں ہونی چاہئے۔عید میلاد البنی کے دونوں جلوسوں میں شرکاء نے دہشت گردی کے خلاف نعرے بلند کئے جبکہ مقررین نے اسلام کے نام پر دہشت گردی کی مذمت کی اور کہا کہ اسلام امن کا مذہب ہے اور جو لوگ دین کو دہشت گردی کے لئے استعمال کر رہے ہیں ان کا مذہب سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

مزید :

عالمی منظر -