قومی سیرت کانفرنس کل جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں ہو گی

قومی سیرت کانفرنس کل جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں ہو گی

  

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) حضور نبی پاکؐ کے یوم ولادت کے موقع پر وفاقی وزارت مذہبی امور کے زیر اہتمام 40ویں قومی سیرت کانفرنس (کل) جمعرات 12 ربیع الاول کو جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں منعقد ہو گی جس میں مختلف طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے علماء کرام،دانشور اور مشائخ عظام ’’پاکستان میں مروجہ جمہوری سیاسی نظام کا جائزہ تعلیمات نبویؐ کی روشنی میں‘‘ کے موضوع پر اظہار خیال کریں گے۔ وزارت مذہبی امور کے ذرائع کے مطابق کانفرنس کے انعقاد کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے جس میں ڈاکٹر یاسین ظفر، قاری محمد حنیف جالندھری، مولانا نور الحق قادری اور افتخار حسین نقوی سمیت مختلف طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات سیرت طیبہؐ کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کریں گے۔ کانفرنس میں ہر سال وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سے کتب سیرت، مقالات سیرت، کتب نعت اور کسی بھی اسلامی موضوع پر مرد اور خواتین کی الگ الگ کیٹیگریز کے تحت اول ، دوم ، سوئم قرار پانے والوں کو انعامات دیئے جائیں گے۔ وزارت مذہبی امور نے رواں سال اس سلسلہ میں 9 کیٹیگریز مقرر کی ہیں۔ کتب سیرت اردو ملک کی علاقائی زبانوں سمیت عربی، انگریزی اور دیگر زبانوں کی تصانیف کے حوالہ سے اول، دوئم اور سوئم آنے والی کتب کو انعامات سے نوازا جائے گا ، اسی طرح بچوں کے حوالہ سے کتب سیرت کی الگ کیٹیگری رکھی گئی ہے۔ نعت رسول مقبولؐ کی اردو اور علاقائی زبانوں میں کتب کی بھی ایک کیٹیگری ہے۔ اسی طرح مقالات سیرت پر بھی وفاقی دارالحکومت سمیت چاروں صوبوں کیلئے الگ الگ اول، دوئم اور سوئم آنے والوں کیلئے تین انعامات رکھے گئے ہیں۔ قومی سیرت کانفرنس صبح 10 بجے شروع ہو گی۔ وفاقی وزیر مدہبی امور سردار محمد یوسف اور وزیر مملکت برائے مذہبی امور پیر امین الحسنات شاہ سمیت وفاقی وزراء، ارکان پارلیمنٹ، غیر ملکی سفارتکار اور اہم شخصیات بھی کانفرنس میں شرکت کریں گی۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ اول -