شہید بے نظیر بھٹو کی برسی پرلاڑکانہ میں تاریخی اجتماع ہوگا

شہید بے نظیر بھٹو کی برسی پرلاڑکانہ میں تاریخی اجتماع ہوگا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلزپارٹی سندھ کے صدر اور وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ 27دسمبر کو گڑھی خدا بخش لاڑکانہ میں شہید بے نظیر بھٹو کی آٹھویں برسی کے موقع پر ایک تاریخی اجتماع ہوگا جس میں لاکھوں کی تعداد میں شہید بے نظیر بھٹو کے چاہنے والے شرکت کرینگے اوراس تاریخی جلسے سے پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری اہم خطاب کریں گے انہوں نے یہ بات منگل کو وزیراعلیٰ ہاؤس میں پیپلزپارٹی سندھ کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ شہید بھٹو اور شہید بے نظیر بھٹو کا نظریہ اور پروگرام ہمیشہ زندہ رہے گااور پارٹی کے کارکن شہید بھٹو اور شہید بے نظیر بھٹو کے پروگرام کو آگے بڑھاتے رہیں گے۔ ہمارے کارکنوں کے حوصلے بلند اور جذبے سے سرشار ہیں اور اسی جذبے اور عوام کی محبت کے باعث ہم نے سندھ میں بلدیاتی الیکشن میں شاندار کامیابی حاصل کی جو کہ سندھ کے عوام کا پیپلزپارٹی پر بھرپوراعتماد کا مظہر ہے اور یہ کامیابی پارٹی کی کامیابی ہے پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چئیرمین آصف علی زرداری کی کامیابی ہے اور انہوں نے اس شاندار کامیابی پر پارٹی کے تمام کارکنان کو مبارکباد پیش کی ۔ انہوں نے پارٹی کے تمام اضلاع کی تنظیموں کو ہدایت کی کہ وہ شہید بے نظیر بھٹو کی برسی میں شرکت کیلئے قافلوں کی شکل میں گڑھی خدابخش پہنچیں اور اپنی عظیم قائد کو نذرانہ عقیدت پیش کریں۔ انہوں نے کہا کہ برسی کی تقریبات کا آغاز 27دسمبر کی صبح 9بجے مزار پر قران خوانی سے ہوگا جسکے بعد لنگر تقسیم کیا جائیگا جبکہ جلسے کی تقریبات کا آغاز 1بجے دن حمد و نعت اور مشاعرے سے ہوگا جبکہ جلسہ عام کا آغاز 2بجے دن سے ہوگا جس میں پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری اور پارٹی کے دیگر رہنما خطاب کرینگے جبکہ شام 5بج کر 20منٹ پر جو کہ شہید بے نظیر بھٹو کا وقت شہادت ہے اس موقع پر 2منٹ کی خاموشی اختیار کی جائیگی اور اسکے بعد اجتماعی دعا کی جائیگی اور اس طرح دعا کے بعد جلسے کا اختتام ہوجائیگا۔ اور اسکے بعد مزار پر پھولوں کی چادریں چڑھائی جائیں گی ۔ اجلاس میں ایک قرارداد میں پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری شریک چئیرمین آصف علی زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی قیادت پر اپنے مکمل اعتماد کا اظہار کیا گیا۔ایک اور قرارداد کے ذریعے سندھ اسیمبلی میں رینجرز کے اختیارات کے حوالے سے منظور کی گئی قرارداد کی تائید کی گئی اور سندھ حکومت کی تمام فیصلوں اور پالیسیوں کی تو ثیق کی گئی۔ ا جلاس میں پارٹی کے رہنما مخدوم امین فہیم اور دیگر مرحومین کیلئے بھی دعا ئے مغفرت کی گئی۔