گورنر راج لگا تو سندھ تک محدود نہیں رہے گا،جو حکومت صحت اور تعلیم کی سہولت نہ دے سکے اسے حکمرانی کا حق نہیں:سینٹر سراج الحق

گورنر راج لگا تو سندھ تک محدود نہیں رہے گا،جو حکومت صحت اور تعلیم کی سہولت نہ ...
گورنر راج لگا تو سندھ تک محدود نہیں رہے گا،جو حکومت صحت اور تعلیم کی سہولت نہ دے سکے اسے حکمرانی کا حق نہیں:سینٹر سراج الحق

  

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ گورنر راج لگا تو یہ صرف سندھ تک محدود نہیں رہے گالیکن عوام کسی غیر جمہوری اقدام کو قبول نہیں کریں گے،رینجرز کے حوالے سے شرائط سے خود سندھ حکومت کی پوزیشن کمزور ہورہی ہے،جو حکومت اپنے شہریوں کو صحت اور تعلیم کی سہولت نہ دے سکے اسے حکمرانی کا کوئی حق نہیں، سپریم کورٹ نے تسلیم کیا ہے کہ ملک میں 98 فیصد لوگ بیماریوں سے مر رہے ہیں ،نجی ٹی وی کے مطابق منصورہ ہسپتال کے 33ویں یوم تاسیس کی تقریب سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ چلڈرن ہسپتال سمیت لاہور کے مختلف ہسپتالوں میں گزشتہ ہفتہ میں 38بچے ٹیکے اور وینٹی لیٹر نہ ہونے کی وجہ سے جاں بحق ہوئے ،لاہور کے ہسپتالوں کا یہ حال ہے تو پھر پنجاب کے دور دراز شہروں کے ہسپتالوں کا کیا حال ہوگا؟وزیر آباد کا کارڈیالوجی ہسپتال اور میو ہسپتال کا سرجیکل ٹاور ساڑھے سات سالوں میں آپریشنل نہیں ہوسکا،پنجاب کارڈیالوجی ہسپتال میں دل کے مریضوں کو آپریشن کیلئے 9تا 10ماہ کی تاریخ دے دی جاتی ہے۔اُن کا کہنا تھا کہ وزیروں کے دانت کے علاج پر بیرون ملک 36لاکھ روپیہ خرچ کردیاجا تا ہے اور غریب کوسرکاری ہسپتالوں سے ڈسپرین تک نہیں ملتی۔ہماری حکومت آئی تو سرکاری ہسپتالوں میں غریب کا مفت علاج ہوگااور کینسر ،یرقان ،دل اور گردے کی بیماری اور بچوں کی تھیلیسیمیا سمیت پانچ بڑی بیماریوں کا علاج مفت کریں گے۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ عوام اپنا انتخابی رویہ بدلیں اور بار بار سانپوں اور بچھوﺅں کو دودھ پلانے اور چوروں اور لٹیروں کو گردنوں پر سوار کرنے کے بجائے دیانتدار قیادت کا انتخاب کریں۔ایک دوسرے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کو کراچی کے شہریوں نے ووٹ دیئے ہیں اب انہیں اختیارات سے محروم رکھنا آئین کی خلاف ورزی ہوگی ۔سراج الحق کا کہنا تھا کہ وفاق اورسندھ کی حکومتوں کو اپنی خراب کارکردگی کے الزام سے بچنے کا شاید اور کوئی طریقہ نظر نہیں آیا اور انہوں نے رینجرز آپریشن پر سیاست شروع کردی ہے

مزید :

لاہور -