نوجوانوں کے لئے صدر ممنون حسین کا مشورہ

نوجوانوں کے لئے صدر ممنون حسین کا مشورہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


صدر مملکت ممنون حسین نے کیڈٹ کالج حسن ابدال میں یوم والدین کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا ہے کہ نوجوان خود کو آنے والے دور کے لئے تیار کریں۔نوجوانوں کو دوسروں کے سہارے کی نہیں بلکہ اپنے پاؤں پر کھڑا ہونے کی عادت ڈالنی چاہیے۔صدر ممنون حسین نے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کا ذکر کرتے ہوئے کہا یہ منصوبہ پورے خطے کے لئے گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے،ہمارے نوجوانوں کو اس کی غیر معمولی اہمیت اور شاندار نتائج کے حامل منصوبے سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لئے تیار رہنا چاہیے۔صدر ممنون حسین نے وطن عزیز کے نو نہالوں اور شاہین بچوں کو زندگی کے بہترین مواقع اور آنے والے دور میں سی پیک کے قابل فخر ثمرات کے بارے میں نہایت سادہ اور جامع انداز میں بزرگانہ خطاب کیا ہے۔بلاشبہ آنے والا دور نہایت شاندار ہوگا،لہٰذا نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں اور جدوجہد کے حوالے سے ذہنی اور جسمانی طور پر تیار رہنا چاہیے۔صدر پاکستان کی یہ تلقین بھی حکمت سے بھرپور ہے کہ دوسروں کے سہارے کی بجائے ہمیں اپنے پاؤں پر کھڑا ہونے کی عادت ڈالنی چاہیے۔ کسی بھی ملک یا قوم کا بہترین اثاثہ اس کی نوجوان نسل ہی ہوتی ہے۔جسے حالات حاضرہ کے علاوہ مستقبل میں درپیش معاملات کے لئے تیار رکھنا بے حد ضروری ہوتا ہے۔صدر ممنون حسین نے اپنے خطاب میں اس پہلو کا بھی ذکر کیا ہے کہ قوم کو دہشت گردی کے بہت بڑے چیلنج کا سامنا ہے ہماری مسلح افواج اور عوام نے مشترکہ طور پر دہشت گردی کے خاتمے کے لئے ناقابل فرامو ش قربانیاں دی ہیں صدر مملکت نے یقین دلایا ہے کہ آئندہ کبھی ایسے حالات پیدا نہیں ہونے دیئے جائیں کہ ہمارے بچوں کی آرمی پبلک سکول پشاور کے سانحہ کی طرح جان خطرے میں پڑے یا عام لوگوں کو دشمن کی تخریب کاری اور دہشت گردی کے مواقع آسانی سے مل سکیں۔انہوں نے اپنے خطاب میں بابائے قومؒ کے اس فرمان کا بھی حوالہ دیا،جس میں قائد اعظمؒ نے واضح کیا کہ مسلمان مشکلات اور امتحان کے موقع پر کبھی گھبرایا نہیں کرتا۔ہم فخر یہ کہہ سکتے ہیں کہ دشمن طاقتوں کی سازشوں سے گھبرانے کی بجائے دلیرانہ اور مدبرانہ انداز میں مقابلہ کیا جا رہا ہے۔موجودہ حالات میں صدر ممنون حسین نے بہت اچھی باتیں کر کے قوم خصوصاً نوجوانوں کی عمدہ رہنمائی کی ہے۔انہوں نے پورے اعتماد سے یہ کہا ہے کہ قوم کا مستقبل شاندار روایات کے حوالے سے محفوظ ہاتھوں میں ہے۔

مزید :

اداریہ -