زمینیں لیز پر دینے کیلئے ، محکمہ اوقاف نئی کمرشل پالیسی بنا ئیگا ، کمیٹی قائم
لاہور(محمد نواز سنگرا) محکمے کی آمدن میں اضافے کیلئے اوقاف بورڈ نے محکمہ اوقاف کی زمینوں کو لیز آؤٹ کرنے کیلئے کمرشل پالیسی اور نئے سرے سے رینٹ فارمولا طے کرنے کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔محکمہ نے تمام ذرائع سے آنے والی آمدن کیش کی بجائے چیک کے ذریعے لینے پر بھی غور شروع کر دیا ہے جس سے بے ضابطگیوں کو روکا جا سکے گا۔سیکرٹری محکمہ اوقاف و مذہبی امور نوازش علی کمیٹی کی سربراہی کریں گے جبکہ دیگر ممبران میں ڈائریکٹر اسٹیٹ محکمہ اوقاف، محکمہ خزانہ،محکمہ قانون،ایل ڈی اے اور پنجاب بورڈ آف ریونیو کے نمائندے شامل ہیں ۔کمیٹی محکمہ اوقاف کی طرف سے بھجوائی جانیوالی کمرشل زمینوں کے کرائے کی تجاویز کا جائزہ لے گی اور محکمہ قانون کا نمائندہ قانونی حوالے سے اپنی رائے دے گا،ایل ڈی اے اور بورڈ آف ریونیوکے نمائندے بھی تجاویز پیش کریں گے کہ نیا رینٹ فارمولا کیا ہونا چاہیے اور کمرشل زمینوں کو لیز آؤٹ کرنے کیلئے پالیسی کیا ہونی چاہیے جس سے محکمے کی آمدن میں اضافہ ہو سکے۔ذرائع نے بتایا ہے کہ محکمہ اوقاف اس حوالے سے بھی غور کر رہا ہے کہ مختلف ذرائع آمدن سے وصول ہونے والی رقم کیش کی بجائے چیک کے ذریعے وصول کی جائے تاکہ رقم محکمے کے اکاؤنٹ میں جمع ہو جائے جس سے کسی قسم کی بے ضابطگیوں کو بھی خاتمہ کیا جا سکے گا۔یہ تمام فیصلے چند روز قبل ہونے والے اوقاف بورڈ میں کیے گئے ۔تجاویز پر حتمی دلائل کے بعد کمیٹی اپنی سفارشات اوقاف بورڈ میں پیش کرتے گی جہاں سے منظوری کے بعد ان فیصلوں کو جامع شکل دے دی جائے گی۔واضح رہے کی سیکرٹری اوقاف زمینوں کے قبضے واگزار کرانے کے ساتھ ساتھ آمدن میں اضافہ اور دیگر ان تمام امور پر کام کر رہے ہیں جس سے محکمے کا فائدہ ہو۔