نیب کرپشن کے فروغ کا باعث بن رہا ہے،اعجاز احمد چودھری
لاہور( نمائندہ خصوصی)پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے سابق صدر اعجاز احمد چوہدری نے کہا ہے کہ نیب ملک سے کرپشن کے خاتمے کی بجائے اس کے فروغ کاباعث بن رہی ہے اور کر پٹ ٹو لے کے خلاف کارروائی کر نے کی بجائے انہیں کھلی چھٹی دے رکھی ہے ،نیب قومی مجرموں کو کڑی سزا دلوانے کے بجائے ان کے ساتھ پلی بارگین کر کے انہیں بچا رہی ہے ،نیب کو بند کر دینا چا ہیے۔انہوں نے کہا کہ پوری قوم کے لیے لمحہ فکریہ ہے کہ نیب لیٹروں سے سودے بازی کر رہی ہے ،نواز حکومت اداروں کو خود مختار بنا نے کی بجائے انہیں تباہ کر نے پرتُلی ہوئی ہے ،کرپشن ملک کا سب سے بڑا مسئلہ ہے اور یہ ایک موذی مرض بن چکا ہے اس کا خاتمہ اشد ضروری ہے، ملک کا نام نہاد وزیر اعظم کر پشن میں رنگے ہاتھوں پکڑا جا چکا ہے اورنیب سمیت دیگر ادارے کاروائی کر کی بجائے اُسے بچا نے میں مصروف ہیں اس سے بڑا قوم سے بھو نڈامذاق اور نہیں ہو سکتا ۔انہوں نے کہا کہ نیب نے لیٹروں کوکرپشن کر نے کا لائسنس دے رکھا ہے ،بلوچستان کے سابقہ سیکرٹری خزانہ سمیت دیگر سے نیب کا مک مکا کر ناشرم نا ک اور مجرما نہ فیل ہے ،عوام کے ٹیکسوں کے پیسوں کو بے دردی سے لوٹا جا رہا ہے ،تحریک انصاف 20سالوں سے کرپشن کے خاتمے اور ملکی دولت لوٹنے والوں کے احتساب کے لیے آواز بلند کر رہی ہے ۔