ریگولیٹری اتھارٹیز کو وزارتوں کے ماتحت کرنا بد نیتی ہے،عبدالقادر شاہین
لاہور(نمائندہ خصوصی)پیپلز پارٹی کی فیڈرل کونسل کے رکن عبدالقادر شاہین نے کہا کہ ریگولیٹری اتھارٹیز کو وزارتوں کے ماتحت کرنے کا حکومتی فیصلہ بدنیتی پر مبنی ہے۔ جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے نیپرا اور اوگرا سمیت دیگر اتھارٹیز کو وزراتوں کے ماتحت کرنے کے فیصلے کو فی الفور واپس لیا جائے کیونکہ نواز شریف نے ریگولیٹری اتھارٹیز کی خود مختاری کو تباہ کر دیا ہے۔ اداروں کی خود مختاری پر حکومتی قد غن نا قابل قبول ہے اس اقدام سے ریگولیٹری ادارے وزارتوں کے ماتحت کرنے سے ملک میں کرپشن بڑھے گی۔ یہ بات انہوں نے مختلف اداروں کی ٹریڈ یونیز سے وابستہ مزدور رہنماؤں کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران گفتگوکرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ 40مہینوں میں 6 ہزار ارب کا قرض کشکول توڑنے کے دعوؤں کی نفی ہے۔ کشکول توڑنے کی بجائے کشکول کا سائز بڑا ہو گیا ہے نومبر تک حکومتی قرضے 20 ہزار ارب سے تجاوز کر گئے ہیں۔