مختلف تجربات نے محکمہ تعلیم کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا،رشید بھٹی

مختلف تجربات نے محکمہ تعلیم کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا،رشید بھٹی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(خبرنگار) ہیڈ ماسٹرز ایسوسی ایشن پنجاب کے مرکزی صدررشید احمد بھٹی ،سیکریٹری جنرل سکندر حیات سسرانا،محمد جمشید کمبوہ،رانا محمد ساجد، فیاض احمد وڑائچ ،چوہدری سکندر ذوالقرنین ،راشد نذرعباس،سید حیدر عباس کاظمی ،وحید جاوید،ناصر عباس،محمد جمیل رضوی،رانا منظور احمد اور دیگر راہنماؤں نے کہا ہے کہ مُلک پاکستان کے قیام سے لے کر آج تک بیرونی فنڈنگ ایجنسیوں کے ناپاک عزائم اور مُختلف تجربات نے محکمہ تعلیم سکولز کو تباہی کے دہانے پر پُہنچا دیا ہے اور اب مائیکل باربر کے فیصلوں اور مجوزہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیوں کے قیام سے محکمہ تعلیم سکولز پنجاب کے خاتمے کا قوی خطرہ نظر آرہاہے۔راہنماؤں نے اوگرا ، پپرا،نیپرا،پی ٹی اے،ایف اے بی مرکزی اتھارٹیوں کے قیام کے نا کام تجربہ کے بعد وزیر اعظم پاکستان کی طرف سے ان اتھارٹیوں کے خاتمے کے فیصلے کو مثالی فیصلہ قرار دیا ہے۔راہنماؤں نے کہا کہ پنجاب میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیوں کے قیام سے محکمہ تعلیم میں سیاستدانوں کی مداخلت حد سے زیادہ بڑھ جائے گی جس سے حکومتی پارٹی ،پی ٹی آئی،پیپلز پارٹی،جماعت اسلامی،ق لیگ اور حذب اختلاف کی دیگر سیاسی پارٹیوں کے راہنماؤں اور ورکرز کے درمیان لڑائی جھگڑوں کاوسیع سلسلہ شروع ہوگا۔

جس کی وجہ سے تعلیمی ادارے سیاسی آکھاڑہ اور تعلیم وتعلم اور معلم تباہ ہوکر رہ جائیں گے۔ہم وزیر اعظم پاکستان اور وزیر اعلٰی پنجاب سے پُر زور مطالبہ کرتے ہیں کہ مائیکل باربر کے تعلیمی اور پنجاب میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آتھارٹیوں کے قیام کے فیصلے بھی واپس لیے جائیں۔