ہمارے منصوبوں میں شفافیت پر دشمن بھی انگلی نہیں اُٹھا سکتا :شہباز شریف

ہمارے منصوبوں میں شفافیت پر دشمن بھی انگلی نہیں اُٹھا سکتا :شہباز شریف

  

 لاہور(سٹی رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے حویلی بہادر شاہ ، جھنگ میں1230میگاواٹ کے زیر تعمیرگیس پاور پلانٹ کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے گیس پاو رپلانٹ کے مختلف حصے دیکھے اور گیس ٹربائنز کا معائنہ کیا۔وزیراعلیٰ نے دورے کے دوران گیس پاو رپلانٹ کے منصوبے پر کام کرنے والے انجینئرز، عملے اور کارکنوں سے بھی ملاقات کی ۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حویلی بہادر شاہ میں زیر تعمیرگیس پاو رپلانٹ کے منصوبے کو فاسٹ ٹریک پر آگے بڑھایا جا رہا ہے اوربجلی پیدا کرنے کے لئے اس پلانٹ میں دنیا کی جدید ترین گیس ٹربائنز لگائی جا رہی ہیں اور گیس پاو رپلانٹ سے حاصل ہونے والی بجلی عوام کو سستی ملے گی۔وزیراعلیٰ نے اس منصوبے پر کام کرنے والے انجینئرز اور کارکنوں کی محنت اورعزم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ آپ نہ صرف یہاں پیشہ ورانہ انداز سے فرائض سرانجام دے رہے ہیں بلکہ ایک قومی خدمت کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت ملک سے توانائی بحران کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے کیونکہ پاکستان کی ترقی توانائی کی فراوانی سے جڑی ہوئی ہے۔موجودہ حکومت کے دور میں متعدد منصوبے تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں اوریہ منصوبہ بھی وقت سے قبل مکمل ہوگاجبکہ اس طرح کے دیگر بجلی کے کارخانے وقت پر مکمل ہونے سے ملک میں چھائے برسوں کے اندھیرے چھٹ جائیں گے اورپاکستان ترقی کے سفر پر رواں دواں ہوگا۔ہمارے منصوبوں کی شفافیت پر کوئی انگلی نہیں اٹھا سکتا اورکرپشن کا سایہ دوردور تک ان منصوبوں پر نہیں ہے۔یہ ہمارا فرض منصبی ہے جو مسلم لیگ(ن) کی حکومت بطریق احسن ادا کررہی ہے جبکہ ماضی میں منصوبوں کے نام پر کرپشن کے انبار لگے رہے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت کے دور میں منصوبوں کو اعلی معیار ،رفتار اورشفافیت کے ساتھ مکمل کیا جارہا ہے اور ان منصوبوں کی تکمیل سے ملک سے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہوگا۔وزیراعلیٰ نے اس منصوبے کے حوالے سے وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف، چیف ایگزیکٹو آفیسر راشد لنگڑیال اوردیگر متعلقہ حکام کی کارکردگی کی ستائش کی ۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے ارفع کریم سافٹ وےئر ٹیکنالوجی پارک میں دیہی اراضی کی کمپیوٹرائزیشن نظام کے سٹیٹ آف دی آرٹ مرکزی ڈیٹا سنٹرکا افتتاح اورپنجاب لینڈ ریکارڈاتھارٹی کا اجراء کیا۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے لینڈ ریکارڈ انفارمیشن سسٹم کے جدید نظام کا اجراء کر کے اہم سنگ میل عبور کیا ہے اوراس جدید نظام کے تحت سماجی و معاشی تبدیلی رونما ہوئی ہے،شہریوں کے وراثتی حقوق کو تحفظ ملاہے اوراراضی کے تمام معاملات خوش اسلوبی سے طے پارہے ہیں ۔اس نظام کے تحت صوبے کی 143تحصیلوں میں اراضی ریکارڈ سنٹر پوری طرح فعال ہیں اورعوام کو اراضی کے معاملات کے حوالے سے ایک ہی چھت تلے بہترین خدمات فراہم کررہے ہیں ۔اس نئے نظام کے تحت عوام کو پٹواری کلچر سے چھٹکارا ملا ہے ۔فرد ملکیت کے حصول اورانتقال اراضی کے اموربدعنوانی اورکرپشن سے پاک ہوئے ہیں اوراراضی کے حوالے سے ہونے والے خاندانی جھگڑے ختم ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 1997ء میں پاکستان مسلم لیگ(ن) نے اس جدید نظام کی بنیاد رکھی تھی پھرسب سے پہلے پاکستان کا نعرہ لگانے والے ڈکٹیٹر جنرل پرویز مشرف نے 12اکتوبر1999ء کو جمہوریت پر شب خون ماراجس کے باعث یہ منصوبہ بھی کھٹائی میں پڑ گیا۔اسی آمر کے دور میں لینڈریکارڈ کی کمپیوٹرائزیشن کے اس منصوبے میں پیسے تو بنائے گئے ،اپنی جیبیں بھری گئیں لیکن مفاد عامہ کے اس اہم منصوبے پرکوئی کام نہ کیا گیا،یہ عوام کے ساتھ ظلم و زیادتی کی افسوسناک داستان ہے۔گزشتہ 70سالوں میں اس ملک کے ساتھ زیادتی ہوتی رہی ،چاہے سیاسی حکومت ہو یا مارشل لاء کی حکومت دونوں نے ملک کا بیڑا غرق کیا ۔پٹواری رشوت کی کمائی سے ارب پتی بن چکے ہیں اوریہ قوم کا خون چوستے رہے ہیں۔غریب لوگوں کو برباد کرنے میں پٹواریوں نے کوئی کسر نہیں چھوڑی،لیکن لینڈ ریکارڈ کی کمپیوٹرائزیشن کے جدید نظام کے ذریعے اراضی کے حوالے سے پیدا ہونے والے مسائل کا حل ڈھونڈ لیا گیا ہے ۔قبل ازیں وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے مرکزی ڈیٹا سنٹر کا افتتاح کیااورڈیٹا سنٹر کے مختلف حصوں کا دورہ کیا ۔وزیراعلیٰ نے سٹیٹ آف دی آرٹ مرکزی ڈیٹا سنٹر کے قیام پر متعلقہ حکام کو مبارکباد دی۔ پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کے ڈی جی نے وزیراعلیٰ کو ڈیٹا سنٹر میں اراضی ریکارڈ کو محفوظ بنانے کے حوالے سے بریفنگ دی۔وزیراعلیٰ نے تقریب کے دوران پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کے آرڈیننس پر دستخط کر کے اس کا اجراء کیا ۔سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو جواد رفیق ملک نے وزیراعلیٰ شہبازشریف کو سوینئر پیش کیا جبکہ وزیراعلیٰ نے اس منصوبے کو کامیابی سے پایہ تکمیل تک پہنچانے میں کردارادا کرنے والے صوبائی وزراء اورپنجاب حکومت کے حکام کو سوینئر دےئے۔پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل کیپٹن (ر) ظفر نئے نظام کے خدوخال ،افادیت اوراتھارٹی کے اغراض ومقاصد پر روشنی ڈالی۔صوبائی وزراء ،اراکین قومی وصوبائی اسمبلی،چیف سیکرٹری،مشیر ڈاکٹر عمر سیف،کالم نگاروں ،انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ماہرین اورطلبا و طالبات نے بڑی تعداد میں تقریب میں شرکت کی۔

مزید :

صفحہ اول -