آصف علی زرداری ڈیڑھ سال بعدآج کراچی پہنچیں گے، استقبال کی تیاریاں مکمل

آصف علی زرداری ڈیڑھ سال بعدآج کراچی پہنچیں گے، استقبال کی تیاریاں مکمل

  

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری تقریباً ڈیڑھ سا ل بعد آج دبئی سے کراچی پہنچ رہے ہیں ،کراچی آمد پر ان کا پرتپاک استقبال کرنے کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ بلاول ہاؤس کے ذرائع کے مطابق آصف علی زرداری جمعے کی نماز کے بعد دوپہر ڈھائی سے ساڑھے تین بجے کے درمیان کراچی ایئرپورٹ پر لینڈ کرسکتے ہیں۔میڈیارپورٹ کے مطابق آصف علی زرداری کی وطن واپسی کے حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے سابق صدرکی کراچی آمد کے سلسلے میں پارٹی کی جانب سے بھرپور استقبال کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں جبکہ سیکیورٹی انتظامات کو بھی حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ سابق صدر جمعے کی دوپہر دبئی سے کراچی ایئرپورٹ کے اولڈ جناح ٹرمینل پہنچیں گے جہاں اولڈ ٹرمینل کے باہر ایک جلسہ ہوگا۔ نثار کھوڑو کے مطابق جلسے کے لیے انتظامیہ نے پیپلز پارٹی کو اجازت دے دی ہے جبکہ آصف علی زرداری جلسے سے خطاب بھی کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ جلسے سے خطاب کے بعد آصف علی زرداری بلاول ہاؤس روانہ ہوجائیں گے۔ یہ رپورٹس سامنے آرہی ہیں کہ سابق صدر کو ایئرپورٹ سے بلاول ہاس ہیلی کاپٹر کے ذریعے پہنچایا جائے گا تاہم بلاول ہاس ذرائع کا کہنا ہے کہ اس بات کا فیصلہ خود آصف زرداری کریں گے کہ آیا وہ بذریعہ سڑک جانا چاہتے ہیں یا ہیلی کاپٹر کے ذریعے۔ نثار کھوڑو کے مطابق پیپلز پارٹی کے کارکنان ریلیوں کی صورت میں دوپہر ایک بجے کراچی ایئرپورٹ پہنچیں گے جہاں پر کارکن اور پارٹی رہنما آصف علی زرداری کا بھرپور استقبال کرینگے۔ انہوں نے بتایا کہ سابق صدر کی آمد کے موقع پر کراچی ائیر پورٹ کے باہر اور شہر کے مختلف مقامات پر پارٹی کی جانب سے استقبالیہ کیمپس بھی لگائے گئے ہیں۔ نثار کھوڑو نے بتایا کہ ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیئے ٹریفک پولیس کی جانب سے متبادل روٹس کا انتظام کیاگیا ہے، پارکنگ کا بھی بندوبست کیا گیا ہے جبکہ ایک ہزار رضاکار بھی فرائض انجام دینگے۔ انہوں نے بتایا کہ جلسہ گاہ سے ائیرپورٹ اورشاہراہ فیصل تک سیکیورٹی کے انتظامات کو بھی حتمی شکل دی گئی ہے، جلسے کے موقع پر انتظامیہ کی جانب سے سی سی ٹی وی کے ذریعے بھی مانیٹرنگ کی جائیگی۔ نثار کھوڑو نے کہا کہ جو لوگ سابق صدر آصف علی زرداری کے ملک واپس نہ آنے پر تنقید کرتے تھے اب آصف زرداری کی واپسی ان تنقید کرنے والوں کے منہ پر طمانچہ ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی کے 4مطالبات نے ن لیگ کو بوکھلاہٹ کا شکار بنا دیاہے، وقت کا تقاضا ہے کے تمام سیاسی قوتیں اکٹھے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مل کر تحریک چلائے گی، سی پیک تو شروع کیا گیا مگر ترقی صرف پنجاب کی ہو رہی ہے۔ علاوہ ازیں بلاول ہاؤس کے ترجمان اعجاز درانی کا کہنا ہے کہ آصف زرداری چند روز بعد بے نظیر بھٹو کی برسی میں شرکت کے لیے لاڑکانہ روانہ ہوجائیں گے۔

استقبال کی تیاریاں مکمل

مزید :

صفحہ اول -