حکمران اقتدار کی نچلی سطح تک منتقلی کیلئے تیار نہیں ، سید احمد محمود

حکمران اقتدار کی نچلی سطح تک منتقلی کیلئے تیار نہیں ، سید احمد محمود

  

لاہور( نمائندہ خصوصی )پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر و سابق گورنر پنجاب سید احمد محمود نے کہا کہ ملک و قوم پر مسلط حکمران ٹولہ جمہوریت کی مضبوطی اور اقتدار کی نچلی سطح تک منتقلی کے معاملہ پر کسی صورت تیار نہیں بلکہ اپنی سیاسی ، معاشی اور آئینی ناکامیوں کو چھپانے اور قوم کو بیوقوف بنانے کے لیے ملکی اثاثوں کی نجکاری کے نام پر لوٹ مار اور سرکاری ملازمین کا معاشی قتل عام اور کمیشن کی وصولی کیلئے سرکوں کی تعمیر میں مصروف ہیں۔ان خیالات کا اظہا رانہوں نے پارٹی کی فیڈرل کونسل کے رکن عبدالقاد ر شاہین اور جنوبی پنجاب کے میڈیا کوارڈینٹر سلیم مغل سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ ملک میں بیروز گاری اور مہنگائی سے تنگ مفلوک الحال پاکستانی عوام و گرگوں حالات کی چکی میں پس رہے ہیں دو وقت کی روٹی نہ ملنے پر آئے روز کی خود کشیاں معمول بن چکی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹروں سے لے کر سرکاری ملازمین اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد اپنے حقوق اور مہنگائی کے خلاف سراپاء احتجاج ہیں تو دوسری طرف عوامی نمائندگان اپنی خود مستی میں مبتلا ہو کر اپنی تنخواہوں میں اضافہ کر رہے ہیں جو کہ غریب عوام کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے عوام کو کس طرح مختلف طریقوں سے مسائل اور بحرانوں کی طرف دھکیلا جا رہاہے اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ حکمران غریب مکاؤ کی پالیسی کے لیے کوشاں ہیں ۔

مزید :

علاقائی -