کے الیکٹرک اور حبیب میٹروبینک نئے کنکشن کی سہولت فراہم کریں گے
کراچی (اسٹاف رپورٹر) کے الیکٹرک اور حبیب میٹرو بینک کے درمیان ایک معاہدہ طے پاگیا ہے جس کا مقصد نئے کنکشنز کے حصول میں صارفین کو سہولت فراہم کرنا ہے۔اس تعاون کے نتیجے میں صارفین پورے کراچی اور حب میں واقع حبیب میٹرو بینک کی 133سے زائد برانچوں کے ذریعے ماہانہ بلوں کی ادائیگی کے علاوہ نئے کنکشنوں کی درخواستوں کے لیے اب بآسانی ادائیگی بھی کر سکتے ہیں۔ کے الیکٹرک کے ترجمان کے مطابق،’’کے الیکٹرک صارفین پر توجہ مرکوز کرنے اور کارکردگی کو مسلسل بہتر بنانے میں سرگرم عمل ہے اور صارفین کیلئے مختلف طریقوں کے ذریعے نئے کنکشن کے حصول کو مسلسل تیز اور آسان بنارہا ہے۔حبیب میٹروبینک کے ساتھ ہمارا تعاون کے الیکٹرک کے کسٹمر کیئرمیں اضافہ کے حوالے سے غیر متزلزل عزم کی ایک اورتائیدہے جس سے پاور یوٹیلٹی کے طور پر ہماری پوزیشن اور بھی مستحکم ہو رہی ہے۔‘‘حبیب میٹروبینک کے ترجمان نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا،’’ہمیں کے الیکٹرک کا پارٹنر بننے پربے حد خوشی ہے۔اس پیش رفت سے ڈائنامک سروسزکے ذریعہ صارفین کی مالی ضروریات پوری کرنے سے حبیب میٹروبینک کے مقاصد کو فائدہ پہنچے گا۔‘‘کے الیکٹرک نے ون ونڈو آپریشن کے تحت صارفین کو بجلی کے نئے کنکشن کے حصول میں مزید آسانی فراہم کرنے کیلئے شہر بھر میں اپنے تمام 29انٹیگریٹڈ بزنس سینٹرز(IBC) پر’ نیو کنکشن فرنٹ ڈیسک‘ قائم کردی ہیں۔