سی پیک پاکستان کی ترقی کے لئے ایک بہت بڑا منصوبہ ہے،اسد قیصر
صوابی(بیورورپورٹ) سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی اسدقیصر نے کہا ہے کہ سی پیک پاکستان کی ترقی کے لئے ایک بہت بڑا منصوبہ ہے اور اس منصوبے میں صوبہ خیبر پختونخوا کا حق حاصل کر کے رہیں گے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے زیدہ سٹی ، ترکئی ہاؤس اور اپنے حجرہ موضع مرغز میں پارٹی کارکنوں کے الگ الگ اجتماعا ت سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر اتوار پچیس دسمبر کی دوپہر دو بجے موضع زیدہ ضلع صوابی میں عمران خان کے جلسہ عام کی تیاریوں کے حوالے سے غور وخوص ہوا کارکنوں نے اس موقع پر اس عزم کااعادہ کیا کہ اس جلسہ عام کو تاریخ ساز بنائیں گے۔اور اس کی کامیابی کے لئے بھر پور تیاریاں جاری ہے سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ سی پیک منصو بہ نہ صرف خیبرپختونخوا بلکہ پورے پاکستان کی ترقی میں گیم چیلنجز کا کردار ادا کرے گا اس موقع پر ریجنل صدر شاہد خٹک اور ضلعی صدر صوا بی شہزاد فہد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایس ایف اور یوتھ ونگ کے عوام 25 دسمبر کوزیدہ ضلع صوابی میں پی ٹی آئی کے زیر اہتمام احتجاجی جلسہ میں بھرپور قوت کامظاہرہ کری گی اور تمام نوجوان نہایت نظم و ضبط کے ساتھ جلسے کو کامیاب بنائیں گے انہوں نے پورے صوبے کے نوجوانوں خصوصا آئی ایس ایف یوتھ ونگ کو دعوت دی کہ وہ 25 دسمبر کو زیدہ جلسے میں اپنے ساتھیوں سمیت بھرپور شرکت کرے ۔ سپیکر نے کہا کہ صوبائی حکومت نے پشاور ہائی کورٹ میں رٹ دائر کردی اور ہر فورم پر سی پیک کے حوالے سے اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا اور پورے صوبے میں سی پیک کے حوالے سے احتجاجی تحریک کا آغاز 25 دسمبرکو زیدہ ضلع صوابی کے احتجاجی جلسے سے کیاجارہاہے جس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے علاوہ صوبائی وزیراعلیٰ پرویزخٹک ، وزراء اور پارٹی کے مرکزی اور صوبائی راہنما خطاب کریں گے۔ سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ صوبہ خیبر پختونخوا کے لئے ایکسپریس وے نہیں کاریڈور چاہئے حکومت آل پارٹیز کانفرنس کے فیصلے کے مطابق اور صوبائی حکومت کے مراسلے کے مطابق سی پیک کے مغربی روٹ پر ترجیحی بنیادوں پر کام شروع کریں #