ضلع ناظم کوہاٹ کا اجلاسوں میں ضلعی محکموں کے سربراہوں کی غیر حاضری کاسخت نوٹس

ضلع ناظم کوہاٹ کا اجلاسوں میں ضلعی محکموں کے سربراہوں کی غیر حاضری کاسخت ...

  

پشاور( سٹاف رپورٹر)ضلع ناظم کوہاٹ مولانانیازمحمد نے ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن میٹنگ میں ضلعی محکموں کے سربراہوں کی غیر حاضری کاسخت نوٹس لیتے ہوئے انہیں متنبہ کیاہے کہ وہ اپنا قبلہ درست کر کے سرکاری فرائض کی بجاآوری میں دلچسپی لیں ورنہ ایکشن کے لئے تیار ہوجائیں۔انہوں نے افسران کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ آئندہ اجلاس میں نمائندوں کو بھیجنے کی بجائے خود آئیں بلا عذر غیر حاضری کسی صورت قبول نہیں ہوگی۔یہ تنبیہ انہوں نے اپنے دفتر میں ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔اجلاس میں کئی محکموں کے سربراہوں نے اپنے ماتحت نمائندے بھیجے تھے جس کا ضلع ناظم نے بہت برا منایا او رافسران کو سخت وارننگ دی۔انہوں نے اس موقع پر بعض محکموں کے افسران کو ضلع بدر کرنے کے لئے متعلقہ اعلیٰ حکام کو خط لکھنے کی بھی ہدایت کی۔ضلع ناظم نے کہا کہ وہ یہاں پر جبراًنہیں بیٹھے ہیں بلکہ عوام نے منتخب کر کے بھیجا ہے اس لئے عوام کے حقوق کا پورا پورا تحفظ کریں گے اور انہیں ہر ممکن ریلیف دیں گے۔انہوں نے محکموں کے حکام سے کہا کہ وہ اپنی ماہانہ کارکردگی رپورٹ باقاعدگی سے بھیجوانے کے ساتھ ساتھ خط و کتابت کے ذریعے معمول کی کارروائی سے بھی باخبر رکھیں۔مولانا نیاز نے واضح کیا کہ وہ سرکاری کام میں ہر گز غیر ضروری مداخلت نہیں کریں گے تاہم کسی محکمے کو ڈسٹرکٹ کونسل کو بائی پاس کرنے بھی نہیں دیں گے کونسل کے علم میں لائے بغیر کو ئی بھی کام غیر قانونی تصور ہو گااور اس کی سزا بھی ملے گی۔

مزید :

کراچی صفحہ اول -