،افغانستان میں قیام امن کی ،پاکستان اپنی سرزمین کسی کیخلاف استعمال نہیں ہونے دے گا : دفترخارجہ
اسلام آباد(اے این این )دفترخارجہ کے ترجمان محمد نفیس زکریانے کہاہے کہ پاکستان، روس اورچین کے درمیان سہ فریقی اجلاس رواں ماہ کی 27 تاریخ کو ماسکو میں ہوگا جس میں افغانستان کی صورتحال سمیت علاقائی امن و استحکام کے بارے میں غور کیا جائے گا، افغانستان میں امن و استحکام پاکستان او ر پورے خطے کے مفاد میں ہے ، اپنی سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے،غیرکشمیریوں کو ڈومیسائل دے کرمقبوضہ کشمیرمیں آباد کیا جارہا ہے جو کہ غیر قانونی ہے،عالمی سطح پرکشمیرکامسئلہ اٹھاتے رہیں گے ، سعودی عرب کی جیلوں میں 780 پاکستانی قید ہیں جنہیں قانونی مددفراہم کررہے ہیں، جرمنی میں گرفتار پاکستانی شہری نوید بلوچ برلن واقعہ میں ملوث نہیں۔گزشتہ روز ہفتہ وارپریس بریفنگ میں ترجمان نے کہاکہ افغانستان میں امن و استحکام پاکستان او ر پورے خطے کے مفاد میں ہے ، افغانستان کے موضوع پر پاک، چین، روس سہ ملکی سیکرٹری خارجہ سطح کے مذاکرات ستائیس دسمبر کو ماسکو میں ہوں گے جن میں افغانستان کی صورتحال سمیت علاقائی امن و استحکام کے بارے میں غور کیا جائے گا ۔انہوں نے کہاکہ افغانستان میں قیام امن کی غرض سے پاکستان تمام تر کوششیں کر رہا ہے، ہم اپنی سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان نے دہشت گردوں کے خلاف کامیابی سے آپریشن ضرب عضب کامیابی سے کیا، دیگر ممالک کی جانب سے پاکستان کی انسداد دہشت گردی کے خلاف کامیابیوں اور قربانیوں کو بھی سراہا گیا ہے ۔ایک سوال پرترجمان نے کہاکہ بھارتی وزیراعظم کا سقوط ڈھاکا سے متعلق بیان، کلبھوشن یادیو کی پاکستان سے گرفتاری ، بھارتی سفارت خانے میں سفارتی لبادے میں تعینات را اور آئی بی کے افسران اور بھارتی سلامتی مشیر اجیت دوول کا بیان پاکستان میں عدم استحکام پھیلانے کے واضح ثبوت ہیں۔ نریندر مودی کے حالیہ بیان کے بعد یہ معاملہ دوبارہ عالمی برادری کے سامنے اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں جاری ہیں جس پرپاکستان تشویش ہے،گزشتہ 5 ماہ میں 10 ہزار بے گناہ کشمیری گرفتارکیے گئے ہیں، غیرکشمیریوں کو ڈومیسائل دے کرمقبوضہ کشمیرمیں آباد کیا جارہا ہے جو کہ غیر قانونی ہے، بھارت مقبوضہ کشمیر میں یو این ملٹری آبزرور گروپ کو رسائی نہ فراہم کر کے بھی اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کا مرتکب ہو رہا ہے، پاکستان مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کو مختلف فورمز پر بارہا اٹھا چکا ہے اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا معاملہ بھی عالمی سطح پر اٹھا رہاہے۔ سعودی عرب کی جیلوں میں موجود پاکستانی شہریوں سے متعلق ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ سعودی عرب کی مختلف جیلوں میں 780 پاکستان مقید ہیں، جن میں 728پاکستانی سعودی عرب کی مغربی جیلوں میں قید ہیں۔ پاکستانی سفارت خانہ ان کی امداد کررہا ہے اور انہیں لیبر کورٹ کی سہولیات بھی فراہم کر رہا ہے۔ پاکستانی قونصل خانوں میں روزانہ کی بنیاد پر 160سے 170پاکستانیوں کے کیس دیکھے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جرمنی میں گرفتار پاکستانی شہری نوید بلوچ برلن واقعہ میں ملوث نہیں، جرمن حکام کے مطابق نوید بلوچ کو رہا کر دیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کو کسی مذہب سے منسلک کرنا درست نہیں ہے، اسلام کی تعلیمات امن اور محبت پر مبنی ہیں۔ ترجمان نے کہاکہ پاکستان فلسطینی سرزمین پر یہودی بستیوں کی تعمیر کی مذمت کرتا ہے۔
دفتر خارجہ