مالا کنڈ ڈویژن کے اضلاع میں مقامی کا روبار کو بین الاقوامی مارکیٹ تک رسائی دی جائیگی ،عنایت اللہ

مالا کنڈ ڈویژن کے اضلاع میں مقامی کا روبار کو بین الاقوامی مارکیٹ تک رسائی ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبر پختونخوا حکومت برٹش کونسل کے اشتراک سے مالاکنڈ ڈویژن میں لوگوں کی معاشی و سماجی حالت بہتر بنانے کیلئے ایک جامع پروگرام شروع کرے گی۔اس پروگرام کے تحت مالاکنڈ ڈویژن کے اضلاع میں مقامی کاروبار کو فروغ دینے اور اس کو بین الاقوامی مارکیٹ تک رسائی دینے کیلئے سرگرمیوں میں اضافہ کیا جائے گا۔ اس ضمن میں جمعرات کے روز لوکل گورننس سکول حیات آباد پشاور میں ضلعی حکومت مالاکنڈ ڈویژن کے منتخب نمائندوں کے لئے برٹش کونسل لیڈر شپ پروگرام کا ایک اجلاس سینئر صوبائی وزیر بلدیات عنایت اللہ کی سربراہی میں منعقد ہوا ۔اس موقع پر سیکرٹری بلدیات جمال الدین شاہ،ڈپٹی سیکرٹری لوکل کونسل بورڈسید الرحمان، برٹش کونسل کے نمائندوں مدثر حفیظ،زینہ فراز اور ملک مدثر نے شرکت کی۔اس موقع پر کونسل کے نمائندوں نے سینئر وزیر کو مالاکنڈ کے اضلاع میں سماجی اور معاشی سرگرمیوں سے متعلق بریفنگ دی۔اس پروگرام کے تحت ناظمین اور کونسلرز کو ترقیاتی فنڈز کے استعمال ، عوامی مسائل حل کرنے اور رولز ریگولیشن و دیگر امور سے متعلق آگاہ کیا جائے گا۔ سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ مالا کنڈ کے اضلاع میں سیاحت و توانائی اور جنگلات کے شعبوں میں ترقی کے وسیع مواقع موجود ہیں جن سے مالاکنڈ کی پسماندگی کو دور کر کے ترقیافتہ اضلاع کے برابر لایا جائے گا اور اس سلسلے میں برٹش کونسل کے ساتھ باقاعدہ معاہدہ طے کیا جائے گا۔اس پروگرام کے دائرہ کار کو پورے صوبے کی سطح تک وسعت دی جائے گی۔