حلقے میں ترقیاتی عمل مساوی بنیادوں پر جاری ہے: محمد خان وزیر
پشاور( سٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ ملک شاہ محمد خان وزیر نے کہا ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت عوام کی فلاح و بہبود اور ان کو درپیش دیرینہ مسائل کے حل کیلئے مخلصانہ کوششیں کررہی ہیں اور اس ضمن میں حلقہ کے تمام علاقوں میں مساوی بنیادوں پر ترقیاتی عمل جاری ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز اپنے دفتر سول سیکرٹریٹ پشاور میں بنوں کے ایک نمائندہ وفد سے باتیں کرتے ہوئے کیا۔وفد کے ارکان نے معاون خصوصی کو اپنے علاقوں کے عوام کو درپیش مسائل و مشکلات سے آگا ہ کیا۔معاون خصوصی نے کہا کہ انہیں اپنے حلقے کی تمام یونین کونسلوں کے مسائل کا بخوبی ادراک ہے اور ضرورت کی بنیاد پر ترقیاتی منصوبوں کیلئے فنڈز فراہم کئے جارہے ہیں تاہم انہوں نے وفد کے شرکاء پر زور دیا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں بطریق احسن نبھاتے ہوئے علاقے میں شروع کئے گئے ترقیاتی منصوبوں کے معیار اور کام کی رفتار پر کڑی نظر رکھیں تاکہ منصوبے غیر ضروری تاخیر کا شکار نہ ہوں۔