کراچی ، مختلف واقعات میں خاتون سمیت 7افراد جاں بحق

کراچی ، مختلف واقعات میں خاتون سمیت 7افراد جاں بحق

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر میں حادثات واقعات میں خاتون سمیت 7افراد جاں بحق ہوگئے۔تفصیلا ت کے مطابق جمشید کوارٹر تھانے کی حدود جہانگیر روڈ پر مسافراشفاق کوچ نے چار موٹر سائیکل سواروں کو کچل دیا۔2سگے بھائی موقع پر ہی جاں بحق جبکہ 2افراد کو شدید ز خمی حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا ۔ مشتعل افراد نے پتھراؤ کرکے بس کے شیشے توڑ دیئے ۔ کراچی میں تیز رفتار بے قابو بس نے 2سگے بھائیوں27سالہ وقاراحمد اور 35سالہ فرقان احمد ولد جمیل احمد کی زندگی کا سفر تمام کردیا ۔ جہانگیر روڈ پر انٹر سٹی بس نے چار موٹرسائیکل سواروں کو کچل دیا جس سے 3 موٹر سائیکل سوار25سالہ فیضان ولد مختیار ،24سالہ ایوب ، اور عبداللہ زخمی ہوگئے۔ حادثے کے بعد بس کا ڈرائیور فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا جبکہ پولیس نے بس تحویل میں لیکر تھانے منتقل کردی ۔ حادثے کے بعد مشتعل افراد نے بس پر پتھراؤ کردیا اور آگ لگانے کی کوشش کی تاہم پولیس نے ہجوم کو منتشر کر دیا ۔گرومندرکے قریب ٹریفک حادثہ پرچیف سیکرٹری سندھ نے اظہارافسوس کرتے ہوئے ڈی آئی جی ٹریفک سے رپورٹ طلب کرلی۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ انٹرسٹی بسوں کو شہر میں داخلے کی اجازت نہیں ہونی چاہئے ۔ جاں بحق نوجوانوں کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ حادثات کی روک تھام کے لئے انتظامیہ انٹر سٹی بس سٹاپ شہر سے باہر منتقل کرنے سمیت ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کروائے ۔ ادھر کورنگی صنعتی ایریا تھانے کی حدود لاندھی چمڑا چورنگی کے قریب تیرز رفتار گاڑی کی زد میںآکر 35سالہ شمشیر خان جاں بحق ہوگیا۔متوفی روزنامہ دنیا اخبار کے سینئر صحافی عبدالجبار ناصر کا بھانجا تھا۔متوفی کی نماز جنازہ عوامی کالونی میں جمعرات کو بعد نماز ظہرجامع مسجد اللہ والی میں ادا کی گئی جبکہ مقامی قبرستان میں تدفین کی گئی۔ شاہ لطیف تھانے کی حدود میمن گوٹھ سولنگی چوک کے قریب تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے 45سالہ غلام مصطفی جتوئی ولد علی احمد جتوئی جاں بحق جبکہ 15سالہ لڑکی شدید زخمی ہوگئی۔ ڈیفنس تھانے کی حدود کورنگی روڈ ڈیفنس موڑ پر گاڑی کی زد میں آکر 65سالہ بزرگ خاتون کشور سلطانہ جاں بحق ہوگئی۔ ڈاکس تھانے کی حدود آئی سی آئی پل کے قریب کنٹینر اتارتے ہوئے کیبن گرنے سے مزدور 45سالہ مبین خان ولد زراعت خان دب کر جاں بحق ہوگیا۔ علاوہ ازیں ابراہیم حیدری تھانے کی حدود کورنگی کرسنگ ندی سے 45سالہ شخص کی تشددزدہ لاش ملی۔ پولیس کے مطابق ملزمان نے مقتول کو اغوا کر کے قتل کے بعد لاش بوری میں بند کر کے مذکورہ مقام پر پھینک دی۔ تاہم شواہد اکھٹے کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا۔ لاش کو ضابطہ کی کارروائی کے بعد سردخانے منتقل کر دیا گیا جبکہ معمار سائٹ سپر ہائی وے تھانے کی حدود صنعتی ایر یا کے علاقے سے گلشن معمار کولڈ اسٹوریج سے صندوق میں بند تشدد زدہ لاش ملی ۔پولیس کے مطابق مقتول کو سر پر گولی مار کر قتل کیا گیا۔ واقعہ ذاتی دشنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے۔ دریں اثنا ء کلفٹن تھانے کی حدود ہائپر اسٹار کے سامنے ساحل سمندر سے ایک شخص کی ڈوبی لاش ملی۔ ، لاش کو ضابطہ کی کاررروائی کے بعد سرد خانے منتقل کر دیا گیا ۔