تعلیم کا حصول ہر بچے کا بنیادی حق ہے ،اختر خان جدون
ہر ی پور (نامہ نگار) گذشتہ دن گورنمنٹ انگلش میڈیم پرائمری سکول نمبر 1 کوٹ نجیب اللہ میں ہونے والی تقسیمِ انعامات کی رنگا رنگ تقریب میں طلباء کی عمدہ اور بہترین پرفارمنس نے ماحول کو گرما دیا، حاضرینِ محفل نے بچوں کو دل کھول کر دادو تحسین سے نوازا۔ بچوں کو عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر سرکل بیسڈ ٹورنامنٹ 2016 کے مقابلوں پر فسٹ ، سیکنڈ اور تھرڈ آنے والے طلباء و طالبات میں انعامات تقسیم کئے گئے۔ علاقہ کے عوام کی جانب سے پوزیشن ہولڈرز طلباء و طالبات اور ان کے اساتذہ کو زبردست الفاظ میں خراجِ تحسین۔ والدین کی طرف سے کامیابی کو اساتذہ کی محنت اور شبانہ روز کاوشوں سے تعبیر کیا جارہا ہے۔ اس تقریب کے مہمان خصوصی حافظ محمد نواز عباسی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر مردانہ ضلع ہری پور تھے اور جسکی صدارت اختر خان جدون سب ڈویثرنل ایجوکیشن مردانہ ضلع ہری پور نے کی۔ حافظ محمد نواز عباسی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر مردانہ ضلع ہری پور نے طلباء کی کھلے لفظوں گورنمنٹ سیکٹر کے اساتذہ کو خراجِ تحسین پیش کر تے ہوئے کہا کہ ہم تعدا د اور رزلٹ کے حوالے سے اب گورنمنٹ سیکٹر ، پرائیویٹ سیکٹر سے آگے ہے یہی وجہ ہے کہ اب پرائیویٹ سیکٹر کے بچے گورنمنٹ سکیٹر کو ترجیح دے رہے ہیں۔ انہوں نے گورنمنٹ پرائمری سکول نمبر 1 کوٹ نجیب اللہ کے سکول کے نظم و ضبط کی تعریف کی اور مذکورہ سکول کو صوبے بھر میں سب سے زیادہ انروولمنٹ رکھنے والا سکول قرار دے دیا۔ انہوں نے اس عزم کو دہرایا کہ تعلیم ہر بچے کا حق ہے اور ہم نصابی سرگرمیاں بھی تعلیم کا حصہ ہیں۔ انعامات لینے والے بچوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ دل لگا کر تعلیم حاصل کر یں یہی سیکھنے کا وقت ہے تاکہ مستقبل میں آپ کامیاب زندگی گزار سکیں۔بچوں کے اعتماد پر اساتذہ کو خراجِ تحسین پیش کیا ۔ اس موقع پر فردوس خان ہیڈ ماسٹر گورنمنٹ ہائی سکول دوبندی، اختر خان جدون سب ڈویثرنل ایجو کیشن آفیسر مردانہ ضلع ہر ی پور، قاضی عبداللہ جاوید اسسٹنٹ سب ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ہری پور، قاضی شاہینADEO پلاننگ سمیت علاقہ بھر کی ممتاز شخصیات اور طلباء اور طالبات کے والدین اور اساتذہ نے بھر پور انداز میں شرکت کی۔ اختر خان جدون سب ڈویثرنل ایجو کیشن آفیسر مردانہ ضلع ہر ی پورنے کہا کہ وہی بچے تعلیمی میدان میں بہتر کارہائے نمایاں سرانجام دیتے ہیں جو ہم نصابی سرگرمیوں میں فٹ ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہاں تک طلباء کا پہنچنا ہی اساتذہ کی محنت ہے ہمارے گورنمنٹ سکول جہاں اچھی تعلیم دے رہے ہیں وہی ہم نصابی سرگرمیوں میں بھی یہ کم نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلع بھر میں 1800 پرائمری اساتذہ موجود ہیں اور بہت جلد تمام سکولوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کا ہدف پورا کر لیں گے۔ انہوں نے گورنمنٹ پرائمری سکول کوٹ نجیب اللہ کے اساتذہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ ضلع بھر کا ہمارا سب سے بڑا اور بہترین سکول ہے۔ ملک نثار احمد اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ سب ڈویثرنل ایجوکیشن آفیسر سرکل کوٹ نجیب اللہ نے کہا تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ غیر نصابی سرگرمیاں بھی انتہائی اہمیت کی حامل ہوتی ہیں کیونکہ دورِ حاضر کے تقاضوں کے مطابق طلباء و طالبات کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور انہیں مستقبل کے چیلنجوں کے لیئے تمام مہارتوں سے لیس کرنے اور مہذب معاشرے کی تشکیل میںیہ انتہائی معاون ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری آج کی کامیابی کل کی بہت بڑی کامیابی ہے اور سکول میں بارہ سو سے زائد بچوں کا ایڈمشن گورنمنٹ سکولوں پر والدین کا اعتماد کا اظہار ہے اور وہ اقوام جنہوں نے تعلیم سے منہ موڑا وہ کبھی بھی ترقی کی معراج کو نہیں چھو سکتی ہمیں امید ہے کہ ہم صحیح ٹریک پر چل رہے ہیں اور کامیابیاں و کامرانیاں ہمارے قدم چومے گی۔ آخر میں ملک نثار احمد ASDEO نے کامیاب ہونے والے بچوں اور بچیوں کومبارکباد دی اور مزید محنت کی ہدایت کی تاکہ وہ اگلے مقابلوں میں بھی کامیابی حاصل کرسکیں ۔ اور پھر طلباء و طالبات کی حوصلہ افزائی کے لیئے کامیاب طلباء میں انعامات تقسیم کیئے گئے ۔
B