شروع سے کہتاہوں میاں نواز کی آستین میں سانپ ہیں جو انہیں ڈس رہے ہیں:خورشید شاہ
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا ہے کہ میں شروع سے کہہ رہا ہوں کہ نواز شریف کی آستین میں سانپ موجود ہیں جو انہیں مسلسل ڈس رہے ہیں، حکومت پہلے پانامہ کا حساب تو دے۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے پروگرام” نیا پاکستان “ میں گفتگو کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کے لئے سب سے بڑی بات ریاست کے لوگوں کی حفاظت ہے ہم کبھی دہشت گردی کی پالیسی پر سمجھوتا نہیں کرسکتے،آصف زرداری کی سیاست میں ایک تاریخ ہے وہ سینئر ہیں اور ان کے یہاں کے لوگوں کیساتھ تعلقات ہیں انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کی واپسی کی ضرورت تھی کیونکہ اس وقت اگر زرداری صاحب قیادت نہ سنبھالتے تو لیڈرشپ کا بڑا فقدان ہوجاتا،آصف زرداری کی وطن واپسی کا سن کر ااعلان کیا گیا کہ سڑکوں پر گھسیٹیں گے مگر یہ لوگ بھول چکے ہیںکہ اس ملک کی خاطر شریک چیئر مین 11سال کی پہلے بھی جیل کاٹ چکے ہیں۔
خورشید شاہ نے پانا مہ لیکس پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پاناما کے معاملے پر نواز شریف نے خود کنفیوژن پیدا کی ہے ہم نے قطر کی بات نہیں کی نوازشریف نے خود ہی قطری شہزادے کا خط پیش کرکے معاملے کو مزید الجھا دیا تھا لیکن اگر آف شور کمپنی قانونی طریقے سے ہے تو وہ جائز ہے،ان کا مزید کہنا تھا کہ مجھے نہیں معلوم کہ شہید بینظیر نے زرداری صاحب کو سیاست سے کیوں الگ رکھا یہ ان کا اندر کا معاملہ ہے۔