آم کے پودوں کو جنوری تک خوابیدگی کی حالت میں رکھیں، زرعی ماہرین

آم کے پودوں کو جنوری تک خوابیدگی کی حالت میں رکھیں، زرعی ماہرین

قصور(اے پی پی ) باغبانوں کو آم کے پودوں کی پیداواری صلاحیت بہتر بنانے کیلئے انہیں اگلے ماہ جنوری تک خوابیدگی کی حالت میں رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے اورماہرین زراعت کی جانب سے کہاگیاہے کہ باغبان رواں ماہ دسمبرکے دوران آم کے باغات کی آبپاشی بندرکھیں اور پودوں پرنئی منزلیں نہ نکلنے دیں نیزرواں ماہ کے دوران ہرقسم کی پھوٹ کوکاٹنے کے علاوہ موثر زہروں کے ذریعے جڑی بوٹیوں کی تلفی بھی یقینی بنائی جائے، انہوں نے بتایا کہ آم کے پودوں کی پیداواری صلاحیت بہتربنانے کیلئے انہیں جنوری تک خوابیدگی کی حالت میں رکھنا چاہئے تاکہ پودوں میں بڈ انڈکشن کا عمل مکمل ہوجائے، انہوں نے کہا کہ کاشتکار پودوں کے نیچے گہری گوڈی نہ کریں۔

کیونکہ جڑیں زخمی ہونے کی صورت میں مختلف قسم کے جراثیم آم کے پودے کے اندر داخل ہوکر مختلف بیماریوں کا موجب بنتے ہیں جن میں پودوں کا یکدم مرجھاؤ بھی شامل ہے، انہوں نے کہا کہ باغبان پودے میں غیرضروری بڑھوتری کو کنٹرول کرنے کیلئے سپرے کریں اورپودے میں نئی آنے والی پھوٹ کی چیکنگ اور اس کی شاخوں کی پختگی کوبھی یقینی بنایاجائے۔

مزید : کامرس