وویمن چیمبرآف کامرس راولپنڈی اوروویمن چیمبرپشاورکے مابین ایم اویوپردستخط

وویمن چیمبرآف کامرس راولپنڈی اوروویمن چیمبرپشاورکے مابین ایم اویوپردستخط

پشاور(اے پی پی )وویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری پشاوراور راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے مابین بزنس خواتین کے حقوق اور ان کی فلاح و بہبود سمیت ملکی معیشت میں کاروباری خواتین کو مردوں کے شانہ بشانہ مساوی مواقعوں کی فراہمی کیلئے مشترکہ جدوجہد کرنے کے حوالے سے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط ہوئے ہیں۔ معاہدہ پر وویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری پشاور کی قائمقام صدر نزہت رؤف اور راولپنڈی چیمبر کے صدر زاہد لطیف نے دستخط کئے ۔ اس موقع پر ایف پی سی سی آئی کی نائب صدر اور وویمن چیمبر کی نائب صدر رخسانہ نادر بھی موجود تھیں ۔ تفصیلات کے مطابق راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام آل پاکستان وویمن چیمبرز پریذیڈنٹ کانفرنس کا انعقاد کیاگیا ۔

دو روزہ کانفرنس میں کراچی ٗ لاہور ٗ راولپنڈی ٗ پشاور ٗ مردان ٗ فیصل آباد ٗ خیر پور اور مردان وویمن چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کی صدور اور ایگزیکٹو ممبران نے شرکت کی ۔ کانفرنس میں خیبر پختونخوا کی بزنس خواتین کی معاشی ترقی اور انہیں کاروبار کے مساوی مواقع فراہم کرنے سمیت ملکی اور غیر ملکی سطح پر بزنس خواتین کی تیار کردہ مصنوعات کو متعارف کرانے اور اُن کے لئے مارکیٹ کی نشاندہی میں بھرپور تعاون اور سپورٹ کے لئے راولپنڈی چیمبر اور وویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری پشاور کے مابین معاہدہ پر دستخط کئے گئے ۔ وویمن چیمبر کی قائمقام صدر نزہت رؤف نے راولپنڈی چیمبر کے ساتھ معاہدہ کو خیبر پختونخوا کی بزنس خواتین کے لئے خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ راولپنڈی چیمبر کے صدر زاہد لطیف کی مکمل سپورٹ سے بزنس خواتین کو اپنے کاروبار کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے راولپنڈی چیمبر کے زیر اہتمام آل پاکستان وویمن چیمبرز پریذیڈنٹ کانفرنس کو بھی سراہا ۔

مزید : کامرس