اسلام آباد : تاجر برادری کے وفد کی آئی جی پولیس ملاقات
اسلام آباد (اے پی پی) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عامر وحید کی قیادت میں تاجر برادری کے ایک وفد نے اسلام آباد کے انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر سلطان احمد تیموری سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ان کو اسلام آباد پولیس کا سربراہ تعینات ہونے پر مبارکباد پیش کی اور تاجر برادری کو درپیش اہم مسائل سے بھی ان کو آگاہ کیا۔ وفد میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر محمد نوید، نائب صدر نثار مرزا، فاؤنڈر گروپ کے چیئرمین خالد جاوید، سیف الرحمٰن خان، رافعت فرید، دلدار عباسی، خالد چوہدری، محمود وڑائچ، سید عادل انیس، شیراز صدیقی، عبدالرحمٰن خان، عزت بخش اور دیگر شامل تھے۔ وفد سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد پولیس کے انسپکٹر جنرل ڈاکٹر سلطان احمد تیموری نے کہا کہ جلد ہی اسلام آباد میں کمیونٹی پولیس کا نظام متعارف کرایا جائے گا اور اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ تاجر برادری کو بھی اس نظام میں نمائندگی دی جائے گی جس سے ان کے مسائل بہتر طور پر حل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری، سینئر شہریوں، طلبا، اور گھریلو خواتین سمیت معاشرے کے تمام طبقات کو اس نظام میں نمائندگی دی جائے گی تا کہ پولیس اور شہری پارٹرنشپ کے ذریعے مسائل کو حل کرنے کی کوشش کریں جس کے بہتر نتائج متوقع ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کمیونٹی پولیس نظام ان کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں ایک جامع منصوبہ بندی کی گئی ہے جس کے نتائج ہفتوں میں سامنے آنا شروع ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دھرنا کلچر جیسے مسائل سے نمٹنے کیلئے ایک فورس قائم کی جا رہی ہے جس کی حکومت نے منظوری دے دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پرامن طور پر احتجاج کرنے کا حق سب کو حاصل ہے لیکن عوام کو تنگ کرنے کے اقدامات کی اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے کہ اسلام آباد میں سمارٹ ناکے قائم کئے جائیں گے تا کہ ٹیکنالوجی کا استعمال کر کے جرائم کو روکا جائے اور عوام کو غیر ضروری مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ سیف سٹی منصوبے کو مزید بہتر کیا جائے گا اور تمام خراب کیمروں کو ٹھیک کیا جائے گا جس سے مارکیٹوں سمیت شہر میں امن و امان کی صورت حال بہتر ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ چالان بھی کیمروں کی مانیٹرنگ کے ذریعے کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایف آئی آر نظام کو بھی بہتر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نئے منصوبے کی تفصیلات چیمبر کے دورہ کے موقع پر تاجر برادری کے ساتھ شیئر کی جائیں گی اور یقین دہانی کرائی کہ تاجر برادری کے مسائل کو حل کرنے کیلئے تمام ممکنہ کوششیں کی جائیں گی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عامر وحید نے پولیس سے متعلقہ تاجر برادری کے اہم مسائل سے آئی جی پولیس کو آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس سٹیشنوں میں مصالحتی کمیٹیوں کو دوبارہ فعال کیا جائے اور تاجر برادری کو بھی ان کمیٹیوں میں نمائندگی دی جائے جس سے مسائل جلد حل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں سٹیزن پولیس رابطہ کمیٹی مسائل کو حل کرنے میں فعال رہی ہے لہذا اسلام آباد میں بھی سٹیزن پولیس رابطہ کمیٹی قائم کی جائے اور تاجر برادری کو اس میں نمائندگی دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ دھرنوں کی وجہ سے جڑواں شہروں کی تاجر براری کو بہت نقصان پہنچا ہے لہذا دھرنوں کیلئے کوئی الگ جگہ مختص کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ یکطرفہ طور پر ایف آئی آردرج کرنے کی بجائے دونوں پارٹیوں کا موقف جان کر ایف آئی آر درج کی جائے تا کہ عوام کو غیر ضروری مسائل سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ چیمبر امن و مان کی صورتحال کو بہتر کرنے کیلئے پولیس کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گا۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر محمد نوید اور نائب صدر نثار مرزا نے کہا کہ کسی بھی تاجر کے خلاف ایکشن لینے سے پہلے متعلقہ مارکیٹ یونین کو اعتماد میں لیا جائے تا کہ عدالت سے باہر ہی تنازعات کا حل کیا جا سکے۔ خالد جاوید، سیف الرحمٰن خان، خالد چوہدری، سید عادل انیس، محمود احمد وڑایچ اور دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور تاجر برادری کے پولیس سے متعلقہ مختلف مسائل کو حل کرنے کیلئے مفید تجاویز پیش کیں۔
mrt/mhn/zah-zhm 1722
******** آئٹم نمبر 198 ********
امریکہ کے نائب صدر کا بیان امریکی انتظامیہ کیساتھ ہماری وسیع تر بات چیت سے یکسر مختلف ہے، ترجمان دفتر خارجہ
اسلام آباد ۔ 22 دسمبر (اے پی پی) دفتر خارجہ کے ترجمان نے بگرام ائر فیلڈ کابل میں امریکی نائب صدر پینس کے بیان پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ کے نائب صدر کا بیان امریکی انتظامیہ کیساتھ ہماری وسیع تر بات چیت سے یکسر مختلف ہے۔جمعہ کو ترجمان نے واضح کیا کہ اتحادی ایک دوسرے کو نوٹس نہیں دیا کرتے۔ترجمان نے کہا کہ نوٹس منشیات کی پیداوار میں اضافہ،حکومتی عملداری سے باہر علاقوں میں توسیع کرنے والوں کو دینا چاہیئے۔نوٹس صنعتی پیمانے پر بدعنوانی اور افغانستان میں داعش کو قدم جمانے کی اجازت دینے والوں کو دینا چاہیئے۔اس کے علاوہ،ترجمان نے کہا کہ امن اور مصالحتی میکنزم پر بھی توجہ دینا چاہیئے۔ترجمان نے کہا کہ الزام عائد کرنے والوں کو بھی نوٹس دینا چاہیئے۔
mrz/aht/zhm 1722
******** آئٹم نمبر 199 ********
آرمی پبلک سکول کی طالبات اور اساتذہ کا نیشنل بک فاؤنڈیشن کا تعلیمی دورہ
اسلام آباد ۔ 22 دسمبر (اے پی پی) آرمی پبلک سکول کی آرٹس اور سائنس کے مختلف شعبوں سے متعلق طالبات اور اساتذہ کے ایک وفد نے نیشنل بک فاؤنڈیشن کا تعلیمی دورہ کیا۔ آرمی پبلک سکول کی ان طالبات اور اساتذہ کو نیشنل بک فاؤنڈیشن کے نیشنل بک میوزیم، کوچۂ کتاب، ابن خلدون کارنر، گوشۂ نظامی گنجوی، گوشۂ حافظ شیرازی، وال آف آنر، سمر بک کلب ، ریڈرز بک کلب، مائی بُک شیلف، ون سٹون بُک ، نیشنل بُک پارک اور این بی ایف بک شاپ کا دورہ کرایا گیا اور این بی ایف کی کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ وفد کو بتایا گیا کہ نیشنل بُک فاؤنڈیشن کتب بینی، عادتِ مطالعہ کے فروغ کیلئے مقاصد کی طرف کامیابی سے رواں دواں ہے اور علم و ادب، سائنس ، فلسفہ، تاریخ، اخلاقیات، تحقیق، بچوں کے ادب اور دیگر معلوماتی موضوعات پر کتابیں شائع کرنے کی وجہ سے ایک علمی ادبی اور ثقافتی مرکز کی حیثیت اختیار کر چکا ہے۔ واضح رہے کہ ملک بھر سے یونیورسٹیوں ، کالجوں، اسکولوں اور علم و ادب اور کلچر سے وابستہ اداروں سے وفود نیشنل بک فاؤنڈیشن میں تعلیمی و ادبی دوروں پر آتے ہیں اور استفادہ کرتے ہیں۔ وفد نے نیشنل بک فاؤنڈیشن کے منیجنگ ڈائریکٹر کی ان کاوشوں کو سراہا اور اس دورے کو ایک مفید تعلیمی دورہ قرار دیا۔
saa/mik/zah-zhm 1722
******** آئٹم نمبر 200 ********
پاکستانی آرٹسٹ توصیف احمد پاکستان میں آسٹریلیا کے عوام کے درمیان رابطوں کی بہترین مثال ہے، آسٹریلین ہائی کمشنر مارگریٹ ایڈمسن
اسلام آباد ۔ 22 دسمبر (اے پی پی) پاکستان میں آسٹریلیا کی ہائی کمشنر مارگریٹ ایڈمسن نے کہا ہے کہ پاکستانی آرٹسٹ توصیف احمد دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان رابطوں کی بہترین مثال ہے۔آسٹریلیا نسلی لحاظ سے دنیا کا سب سے زیادہ متنوع قوم ہے۔آسٹریلیا میں اسلامی آرٹ ایک منفرد ورثہ کی نمائندگی کرتا ہے۔یہ بات انہوں نے جمعہ کو کامسیٹس یونیورسٹی کی آرٹ گیلری میں آسٹریلوی نژاد پاکستانی آرٹسٹ توصیف احمد کے فن پاروں کی نمائش کے افتتاح کو موقع پر کہی۔ آسٹریلین ہائی کمشنر مارگریٹ نے کہا کہ آسٹریلیا دنیا کا سب سے بڑا کثیر الاقومیتی ملک ہے جہاں ساٹھ ہزار پاکستانیوں سمیت چھ لاکھ سے زائد مسلمان رہائش پذیر ہیں۔آسٹریلیا میں اسلامی آرٹ منفرد ورثہ کی نمائندگی کرتا ہے۔توصیف احمد نے اپنے فن پاروں کی نمائش کیلئے پلیٹ فارم مہیا کرنے پر کامسیٹ آرٹ گیلری کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ کا غذ کو کاٹنے کا عمل اور اسے خوبصورت ڈیزائن میں تبدیل کرنا میری روح ہے۔
mrz/mhn/zhm 1722
******** آئٹم نمبر 201 ********
چیف آف ایئر سٹاف انٹرنیشنل سکواش ٹورنامنٹ ، مصر کے مروان الشوربگی اور محمد ابوالغر فائنل میں پہنچ گئے
اسلام آباد ۔ 22 دسمبر (اے پی پی) پاکستان سکواش فیڈریشن کے زیراہتمام جاری چیف آف ایئر سٹاف انٹرنیشنل سکواش ٹورنامنٹ میں مصر کے مروان الشوربگی اور محمد ابوالغر فائنل میں پہنچ گئے، گذشتہ روزمصحف سکواش کمپلیکس میں کھیلے گئے ٹورنامنٹ کے پہلے سیمی فائنل میچ میں مصر مروان الشوربگی نے ہم وطن محمد زاہد کو 3-0 سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی، مروان الشوربگی نے پہلے گیم کے سیٹ میں 11-9 ، دوسرے سیٹ میں 11-4 اور تیسرے سیٹ میں 11-3 سے کامیابی حاصل کی، دوسرے سیمی فائنل میچ میں بھی مصر کے کھلاڑی محمد ابوالغر نے ہانگ کانگ کے کھلاڑی لیو او کو 3-1سے ہر اکر فائنل کے لئے کوالیفائی کیا،مصر کے کھلاڑی محمد ابوالغر نے پہلے سیٹ میں 11-9 سے جیت کر مقابلہ 1-0 کردیا، دوسرے سیٹ میں ہانگ کانگ کے کھلاڑی لیو او نے 12-14 سے فتح حاصل کرکے مقابلہ 1-1 کردیا، تیسرے اور چوتھے سیٹ میں مصر کے کھلاڑی محمد ابوالغر بالترتیب 11-9 اور 11-6 سے جیت کر مقابلہ 3-1 کر دیا، ٹورنامنٹ کا فائنل میچ میں مصر کے مروان الشوربگی کا مقابلہ ہم وطنی محمد ابوالغر سے (آج) ہفتہ کو ہوگا۔