ویرات انوشکا کے استقبالیہ میں نریندر مودی کی شرکت

ویرات انوشکا کے استقبالیہ میں نریندر مودی کی شرکت
 ویرات انوشکا کے استقبالیہ میں نریندر مودی کی شرکت

  

نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک)بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی اور اداکارہ انوشکا شرما کی دہلی میں منعقد ہونے والے ریسیپشن(استقبالیہ) کی شاندار تقریب میں بھارتی وزیر اعظم نریندرا مودی کی شرکت نے انٹرنیٹ پر دھوم مچادی۔اداکارہ انوشکا شرما اورویرات کوہلی رواں ماہ 11 دسمبر کو اٹلی میں نجی تقریب میں شادی کے بندھن میں بندھے تھے۔شادی میں تو بہت کم مہمانوں نے شرکت کی تھی لیکن ویروشکا نے اپنے چاہنے والوں سے وعدہ کیاتھا کہ وہ اپنی شادی کا ریسیپشن بھارت میں بہت ہی شاندار طریقے سے منائیں گے اور دونوں نے اپنا وعدہ نبھایا۔گزشتہ روز ویرات کوہلی اور انوشکا شرما کی شادی کے ریسیپشن کی تقریب نئی دہلی میں دربار ہال آف تاج ڈپلومیٹک انکلیومیں منعقد کی گئی جس میں مہمان خصوصی کے طور پر بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی شرکت کی۔نریندرا مودی کو دوروز قبل ویرات انوشکانے براہ راست شادی کا دعوت نامہ دیاتھا۔

جس کی تصاویر مودی نے خود اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئر کی تھیں۔ریسیپشن کے دوران ویرات اور انوشکا کسی شاہی جوڑے سے کم نہیں لگ رہے تھے۔ انوشکا سرخ اور سنہرے رنگ کی بنارسی ساڑھی میں بہت خوبصورت لگ رہی تھیں۔جب کہ انہوں نے سونے کا خوبصورت گلوبند پہنا تھا جس کی مالیت میڈیا رپورٹس کے مطابق تقریباً 25 سے 30 لاکھ روپے ہے۔ویرات کوہلی بھی شیروانی میں کسی شہزادے سے کم نہیں لگ رہے تھے دونوں نے معروف بھارتی ڈیزائنر سبیا ساچی مکھرجی کے ڈیزائن کردہ لباس زیب تن کیے تھے۔رپورٹس کے مطابق ڈیزائنر سبیا ساچی کا کہنا تھا کہ انوشکا شرما اپنے ریسیپشن کے دن سرخ کا لباس زیب تن کرنا چاہتی تھیں اور انہیں بھی لگتا ہے کہ بھارتی دلہن سرخ رنگ کے بغیر ادھوری لگتی ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز ویروشکا کی شادی کی نئی دہلی میں پہلی استقبالیہ تقریب تھی جبکہ دوسری تقریب ممبئی میں 26 دسمبر کو ہوگی۔

مزید : کلچر