حکومت بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دے رہی ہے : رانا مشہود احمد خان

حکومت بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دے رہی ہے : رانا مشہود احمد خان

لاہور (سٹی رپورٹر)پنجاب کریکولم اور ٹیکسٹ بْک بورڈ لاہور میں کرسمس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ حکومت بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے کوشاں ہے اور اس کے لیے متعدد اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ رواداری ، بھائی چارہ ، مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دے کر ہی ہم ملک کو بانیان پاکستان کا پاکستان بنا سکتے ہیں۔ رانا مشہود احمد خاں نے کہا ریڈ کلف ایوارڈ کی دستاویز میں مسیحی برادری نے بھی پاکستان میں شامل ہونے کی رضامندی ظاہر کی تھی انہوں نے کہا کہ بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ ہو نے والے سلوک کو دیکھ لیں جبکہ پاکستان کا آئین بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے راہنما اصولوں کے مطابق اقلیتوں کے حقوق کا ضامن ہے۔صوبائی وزیر تعلیم نے کہا ہم نے بلا تفریق مل کر من حیث القوم آ گے بڑھنا ہے انہوں نے کہا کہ ملک میں میرٹ کو فروغ دیا جا رہا اور سب کو بلا تفریق آگے بڑھنے کے مواقع حاصل ہیں جس کا ثبوت مسیحی نوجوان شمون کا سرکاری ادارے میں اعلیٰ پوزیشن حاصل کر نا ہے۔انہوں نے ملک میں تعلیم کے فروغ کے لیے پنجاب کریکولم اینڈ ٹیکسٹ بْک بورڈ کی کارکردگی کو سراہا اور کہا پی سی ٹی بی کے ہاتھ میں ملک کے نونہالوں کا مستقبل ہے جس کو وہ بخوبی نبھا رہا ہے۔ پنجاب کریکولم اور ٹیکسٹ بْک بورڈ کے چیئر پرسن ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل محمد اکرم خاں نے کہاکہ کرسمس امن ، محبت ، ہم آہنگی اور پیار کا تہوار ہے اور ہم اپنے مسیحی بھائیوں کی خوشیوں کو دو بالا کرنے کے لیے اکٹھے ہو ئے ہیں۔ تقریب سے سپیشل سیکرٹری سکولز رانا حسن اختر ، ایم ڈی پی سی ٹی بی عبدالقیوم نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ حضرت عیسیٰ نے اپنی تعلیمات میں محبت ، امن ، درگزر ، رواداری اور بھائی چارے کا پیغام دیا ۔ تقریب کے شرکا نے مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباددی۔اس موقع پر پنجاب کریکولم اور ٹیکسٹ بْک بورڈ کے 16مسیحی ملازمین میں پانچ ، پانچ ہزار روپے نقد تقسیم کیے گئے اور کرسمس کا کیک کاٹا گیا۔

رانامشہود

مزید : میٹروپولیٹن 1