گورنمنٹ کالج یونیورسٹی میں یوتھ امن کانفرنس ،اساتذہ ،طلباء کی شرکت

گورنمنٹ کالج یونیورسٹی میں یوتھ امن کانفرنس ،اساتذہ ،طلباء کی شرکت

لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور میںیوتھ امن کانفرنس 2017ء سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا تھا کہ مباحثوں ،ڈراموں اور دیگر مفید ہم نصابی اور معاشرتی سرگرمیوں کے ذریعے سے ایسی طلباء تنظیموں کی آبیاری کی جائے جو پُر امن ہو اورجس میں طالبات بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور میں دو روزہ منعقدہ یوتھ کانفرنس کا انعقاد برگد کی جانب سے پاپولیشن ایسوسی ایشن پاکستان ،پنجاب ہائرایجوکیشن کمیشن، آکسفارم اوررائٹ ہیئر اینڈ رائٹ ناؤ کے اشتراک سے کیا گیا۔وزیر برائے نوجوانان امور پنجاب جہانگیر خانزادہ نے کانفرنس کی افتتاحی تقریب کی صدارت کی،جس میں صوبے کے 19اضلاع سے چار سو سے زائد طلباء وطالبات نے شرکت کی۔طلباء سیاست کے حوالے سے منعقدہ سیشنز سے چیئرپرسن پی ایچ ای سی ڈاکٹر نظام الدین ،برگد کے چیئرمین ڈاکٹر قیصر بنگالی،نامور صحافی عامر ریاض ،پنجاب یونیورسٹی کے سابق پروفیسر ڈاکٹر ساجد علی ،وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حسن امیر شاہ،یوتھ ڈیویلپمنٹ کنسلٹنٹ اقبال حیدر بٹ،آئی بی اے کراچی کی ڈاکٹر ہما بقائی اور مختلف جامعات بشمول لمز ،پنجاب یونیورسٹی اور جی سی یو نیورسٹی کے نمائندہ طلباء وطالبات نے خطاب کیا۔جن میں سے اکثریت نے سٹوڈنٹ یونینز میں طلباء کی شرکت کے لیئے باقاعدہ اہلیت کے معیار متعارف کرانے کی سفارشات بھی پیش کیں۔انہوں نے جی سی یو میں مختلف طلباء سوسائٹیز کی تعریف کرتے اسے ایک مثالی نظام قرار دیا۔ماحولیاتی تبدیلیوں پر منعقدہ علیحدہ سیشن سے ویسٹرن سڈنی یونیورسٹی آسٹریلیا کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر اویس پراچہ ،فرحان خالد،زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے طالبعلم کاشف اسلام نے خطا ب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دنیامیں موسمیاتی تبدیلیوں کے لحاظ سے خطرات سے دوچار ممالک میں12ویں نمبر پر ہے۔نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر جہانگیر خانزادہ نے کہا کہ موبائل فون نوجوانوں کے لیئے ڈیجیٹل کوکین کی شکل اختیار کر گئے ہیں ،جو کہ ان کی سماجی اور غیرہم نصابی سرگرمیوں کو ختم کر رہی ہیں اور صحت کے مسائل کو جنم دے رہی ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ کہ پنجاب وہ پہلا صوبہ ہے جس نے 2012ء میں یوتھ پالیسی کو متعارف کروایا،جس نے نوجوانوں کو فعال سیاست اور پالیسی سازی کا حصہ بنایا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ اس مسئلے سے نمٹنے کے لیئے ہمیں سب کو متحد ہونا ہوگا،اتحاد سے ہی امن کو بحال کیا جا سکتا ہے۔اس موقع پر صوبائی اسمبلی محترمہ نبیلہ حاکم علی نے بھی نوجوانوں سے خطاب کیا۔

گورنمنٹ کالج

مزید : میٹروپولیٹن 1

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...