غیر ملکی کھلاڑیوں کا پاکستان آنا ہمارے لئے باعث فخر ہے:معین شاہ
اسلام آباد(اے پی پی)ٹینس کوچ معین الدین شاہ نے کہا ہے کہ ملک میں انٹرنیشنل ٹینس ٹورنامنٹس کے انعقاد سے کھلاڑیوں میں مزید کھیلنے کا جذبہ پیدا ہوگا۔ گذشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت اسلام آباد ٹینس کورٹ میں شہید بے نظیر بھٹو انٹرنیشنل ٹینس ٹورنامنٹ شروع ہے جس میں غیر ملکی کھلاڑی بھی حصہ لے رہے ہیں اور جن کا تعلق بھارت، روس، امریکہ، یوکرائن، برطانیہ ، کینیڈا، جرمنی، آئرلینڈ، سپین، آسٹریلیا اور ترکی سے ہے اور ٹورنامنٹ میں بھر پور انداز میں حصہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی کھلاڑیوں کا پاکستان میں آکر کھیلنا ہمارے لئے فخر کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں انٹرنیشنل کھیل بحال ہو چکی ہیں اور غیر ملکی کھلاڑیوں نے پاکستان آکر کھیلنا شروع کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی ایک پر امن قوم ہے اور غیر ملکی کھلاڑیوں سے بے پناہ محبت کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل دو قومی سطح کے شہید بے نظیر بھٹو کے نام ٹورنامنٹس کا انعقاد ہو چکا ہے یہ پہلی بار ہے کہ اتنی بڑی تعداد میں غیر ملکی کھلاڑی ٹینس کے مقابلوں میں حصہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل مقابلے (آج) ہفتہ کو جبکہ فائنل (کل) اتوار کو کھیلا جائے گا۔ ٹورنامنٹ میں 15 ہزار ڈالر کی انعامی رقم رکھی گئی ہے۔ ٹورنامنٹ کے اختتام پر کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے جائیں گے۔